خطبات نور — Page 568
۲۰ جون ۱۹۱۳ء 568 خطبہ جمعہ حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ البقرۃ کی آیات ۲۸۵ تا ۲۸۷ کی تلاوت کے بعد فرمایا: اس سورۃ میں بہت سی باتیں خدا تعالیٰ نے لوگوں کو بتائی ہیں۔پہلے یہ بتایا کہ یہ کتاب تمہارے لئے ہلاکت نہیں بلکہ ہدایت ہے۔ایمان لاؤ۔نماز میں ٹھیک کرو۔اللہ کی راہ میں دو۔منافق نہ بنو۔خدا کے تم پر بہت احسان ہیں۔اگر وہ ناراض ہو گا تو پھر تمہارا نہ کوئی سفارشی ہو گا نہ ناصر و مددگار۔نہ جرمانہ دے کر چھوٹ سکو گے۔پھر فرماتا ہے بہت سے لوگ ہیں جن پر ہم انعام کرتے ہیں مگر وہ اپنی بد عملیوں کی وجہ سے اپنے آپ کو بارگاہ ایزدی سے بہت دور لے جاتے ہیں۔یہ بیان کر کے ایک اور گروہ کا ذکر کیا جو اللہ تعالیٰ کا بڑا فرمانبردار ہے۔اس ضمن میں جناب الہی نے فرمایا کہ تم متوجہ الی اللہ رہو۔پیکجہتی حاصل کرو۔پھر حج کے احکام روزے کے احکام گھر کے معاملات کے متعلق ضروری مسئلے بتاتے ہوئے صدقہ خیرات کی طرف متوجہ کیا۔لین و دین کے مسائل بیان کئے۔بیاج اور سود سے منع کیا۔پھر فرمایا تم سمجھتے بھی ہو زمین و آسمان میں ہماری سلطنت ہے۔تم ہماری شریعت کی خلاف ورزی کر کے سکھ نہیں پاسکتے۔