خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 469 of 527

خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ) — Page 469

خطابات طاہر جلد دوم 469 افتتاحی خطاب جلسہ سالانہ 1999ء کئی بار بڑی شان کے ساتھ مباہلہ پورا ہو چکا ہے۔میرے لئے ضروری تھا کہ قوم کے مسلمہ راہنماؤں کے ساتھ مباہلہ کروں نہ کہ ہر ایرے غیرے نتھو خیرے کے ساتھ۔اس ضمن میں آپ کو یاد ہوگا کہ جنرل ضیاء الحق کو مباہلہ کی دعوت دی گئی تھی اور اس شان کے ساتھ خدا نے وہ مباہلہ پورا کیا کہ اب یہ بیٹھے پیٹتے رہ جائیں جو ہو چکا سو ہو چکا ، اس کو کالعدم نہیں قرار دے سکتے۔بھٹو کے تعلق میں میں نے بڑی وضاحت کے ساتھ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے ایک الہام کے حوالے سے بیان کیا تھا کہ اگر یہ وہی شخص ہے جس کے متعلق الہام میں بتایا گیا تھا کہ گویا جماعت پر کتے مسلط کئے جائیں گے تو پھر اس کے حق میں یہ الہام ضرور پورا ہوگا کہ كَلْبٌ يَمُوتُ عَلی كَلْبِ ( تذکرہ:۱۴۵) کہ ایک کتے کے بعد دوسرا کتا مرے گا ایک تو یہ بھی ہے جس میں دراصل ایک اور آنے والے کتے کی طرف اشارہ کیا گیا تھا لیکن اس کے معنے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو عجیب رنگ میں سمجھائے گئے۔آپ نے فرمایا کہ وہ شخص جس کے متعلق یہ دعوی کیا جا رہا ہے وہ باون سال کی عمر سے پہلے نہیں مرے گا جب وہ باون سال میں داخل ہو گا تو جب تک وہ باون سال کے اندر ہے اسی عرصہ میں وہ ہلاک کیا جائے گا اور باون سال اُس پر پورے نہیں ہو سکیں گے۔یہ دعوی تھا جس کو میں نے اسی الہام کے حوالہ سے کھول کر ساری قوم کے سامنے پیش کیا اور قوم مطلب سمجھ بھی گئی۔چنانچہ مختلف اخبارات میں بارہا خصوصاً ملاؤں کی طرف سے حکومت پر زور دیا جاتا رہا کہ ہم آپ سے زیادہ ان کے مخالف ہیں لیکن بھٹو آپ کے قبضہ قدرت میں ہے اس کے باون سال میں داخل ہونے سے پہلے تو آپ اس کو نہیں مار سکے مگر اب ایک سال انتظار کر لیں۔جب باون سال پورے ہو جائیں گے پھر مارنا تا کہ ہم کھلم کھلا اعلان کر سکیں کہ احمدیت جھوٹی نکلی اور حضرت مرزا صاحب کی پیشگوئی غلط ثابت ہوئی۔اتنا زور دیا گیا، ہر اخبار نے بار بار حکومت کی منتیں کیں مگر خدا کی تقدیر کے سامنے کسی کی کچھ پیش نہیں گئی۔آخر اسی ایک سال کی مدت میں جو باون کا سال تھا اس کی موت اس طرح واقع ہوئی کہ اس وقت کی فوج نے اس مخفی کارروائی کا نام Black Dog Operation رکھا۔اب یہ دیکھیں کہ کیسے یہ انسان کی طرف منسوب ہو سکتا ہے؟ سو فیصد لازماًیہ الہتعالیٰ کی کارروائی تھی اور پھر وہ نام کس احمدی نے تجویز کیا تھا؟ بلیک ڈاگ آپریشن اس کا نام رکھا گیا اور باون سال کی عمر کے اندر ہی اسے پھانسی چڑھا دیا گیا۔پس یہ اللہ کی شان ہے کہ مباہلہ اس رنگ میں پورا ہوا کرتا ہے کہ جیسے دن کو سورج چڑھ جائے