خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ) — Page 238
238 افتتاحی خطاب جلسہ سالانہ قادیان ۱۹۹۱ء خطابات طاہر جلد دوم سے ویسے ہی قادیان کی بہبود پر جو خرچ کیا جا رہا ہے وہ بھی وہ خرچ ہے جو آج آپ کے کام آ رہا ہے۔علاوہ ازیں جو یورپ اور امریکہ اور دیگر مغربی ممالک سے آنے والے ہیں ان کے اخراجات کا میں نے جو محفوظ اندازہ کیا ہے اسی طرح پاکستان سے آنے والے یا مشرق بعید سے آنے والے ان کو شامل کریں تو زائرین نے اپنی جیبوں سے اس سفر کے لئے دس کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے۔تو کہاں یہ کہ 75 مہمانوں کے شام کے کھانے کے لئے سالن نہیں ہوتا تھا کہاں یہ کہ آج دنیا بھر سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے شیدائی، آپ کی مقدس سرزمین کی زیارت کے لئے اس شوق اور ولولے سے حاضر ہورہے ہیں کہ کروڑوں روپے پانی کی طرح بہا دیئے اور اسے اپنی سعادت سمجھتے ہیں۔جو شامل نہیں ہو سکے وہ روتے ہیں ، وہ بے انتہادُ کھ اور تکلیف محسوس کرتے ہیں۔آنے سے پہلے مجھے بہتوں کے خط ملے انہوں نے بھی روتے ہوئے خط لکھے۔مجھے بھی بہت رونا آیا کہتے تھے کاش ہماری غربت حائل نہ ہوتی ، کاش ہم بھی اس تاریخی جلسے میں شرکت کی سعادت پا جاتے۔خوش نصیب ہیں وہ بھائی جن کو خدا نے پر پرواز بخشے۔میں آپ سے یہ التجا کروں گا کہ اپنے ان پیارے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یادرکھیں جو کچھ یہاں دیکھیں اُن کی آنکھوں سے بھی دیکھیں ان کے لئے بھی دلوں میں تڑپ محسوس کریں ، ان کے لئے بھی دعائیں کرتے رہیں تا کہ آج اس عظیم مبارک جلسے کی سعادت سے دنیا بھر کا کوئی احمدی محروم نہ رہے۔اب میں آپ کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے اپنے الفاظ میں اس مبارک جلسہ سالانہ میں شمولیت کی غرض و غایت بتاتا ہوں تاکہ محض جذباتی لذت آپ کا مقصود نظر نہ ہو۔محض چند گھنٹوں یا چند دنوں کی خاص کیفیات کا حصول اور جذبات کا تموج آپ کے آنے کا مقصد نہ رہے۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے جن دعاؤں اور امنگوں اور تمناؤں اور توقعات کے ساتھ اس عظیم جلسے کی بنیاد ڈالی تھی آپ جس طرح چاہتے تھے کہ شریک ہونے والے شرکت فرمائیں، اس طرح آپ کو شرکت کرنی چاہئے اور ان سب برکتوں سے فائدہ اُٹھانا چاہئے۔جو برکتیں اس جلسے کے تعلق میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیش نظر تھیں۔حضور فرماتے ہیں۔تمام مخلصین داخلین سلسلۂ بیعت اس عاجز پر ظاہر ہو کہ بیعت دو کرنے سے غرض یہ ہے کہ تا دنیا کی محبت ٹھنڈی ہو اور اپنے مولیٰ کریم اور رسول