خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 188 of 527

خطابات طاہر (جلد دوم ۔ افتتاحی خطابات جلسہ سالانہ) — Page 188

خطابات طاہر جلد دوم 188 افتتاحی خطاب جلسہ سالانہ برطانیہ ۱۹۹۰ء ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ جب بھی وہ خدا کی خاطر تکلیف اٹھاتے ہیں تو معا یہ سوچیں کہ ہمارے پیارے خدا کی ہمارے حال پر نظر ہے۔حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا وہ کلام جو بارہا آپ نے سنا ہے، اس کا ٹاپ کا مصرعہ یہ ہے یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی اے خدا میرے لئے یہ دن مبارک فرما، سبحان من یرانی پاک ہے وہ ذات جو ہمیشہ مجھے دیکھتی رہتی ہے، ہمیشہ اس کی مجھ پر نظر رہتی ہے۔پس خدا کی نظر کے سامنے ہمیشہ آپ آگے بڑھتے رہیں تو حقیقت میں یہی راز ہے اصلاح کا بھی ، میں نے ابھی جمعہ میں آپ کے سامنے یہ ذکر کیا تھا کہ آپ دنیا کی نظر میں آرہے ہیں، باہر نکلے ہیں تمام دنیا آپ کو دیکھے گی لیکن ضروری نہیں کہ آپ دنیا کی نظر میں آئیں۔جیسا کہ میں نے بیان کیا بہت سے انسان اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور دنیا کی نظر سے اوجھل رہ جاتے ہیں مگر ہمیشہ وہ خدا کی نظر میں رہتے ہیں اس لئے دعا یہ کرتے رہیں اور کوشش یہ کریں کہ خدا کے پیار کی نظر ان پر پڑے، خدا کی ناراضگی کی نظر ان پر نہ پڑے۔ایک میڈیکل کالج کا طالب علم راولپنڈی سے لا ہور رسالہ ہاتھ میں پکڑے ہوئے باہر نکلتا ہے ایک ملاں کی نظر لاہور رسالے پر پڑھتی ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ یہ احمدیوں کا اخبار ہے، ضرور یہ احمدی ہوگا۔دو تین باتیں کرنے کے بعد وہ مجمع اکٹھا کر لیتا ہے اور گستاخی رسول کے الزام میں اسے دھکیلتے ہوئے پولیس کی طرف لے جاتے ہیں۔اب رفتہ رفتہ محلے والوں میں یعنی پاکستان کے مختلف شہروں میں، محلہ داروں میں بھی یہ احساس پیدا ہونا شروع ہو گیا ہے کہ احمدیوں پر ناحق ظلم ہو رہا ہے چنانچہ ایسے موقع پر محلے والے اکٹھے ہوئے اور انہوں نے مولوی کو لعن طعن کی اور اسے کہا کہ اگر تم اس کولے کے جاؤ گے تو ہم بھی سب ساتھ چلیں گے اور گواہی دیں گے کہ تم جھوٹ بول رہے ہو۔اس پر مولوی نے اس کو چھوڑ تو دیا لیکن یہ کہتے ہوئے کہ اگر تم نے آئندہ کبھی محمد رسول اللہ ﷺ کا نام منہ سے نکالا تو ہم تمہارے دانت توڑ دیں گے۔کیسا جرم ہے، وہ کیسا کالا قانون ہے؟ جہاں محمد مصطفی ﷺ کا نام زبان سے لینا اتنا بھیانک جرم بن جاتا ہے کہ ایسے لوگوں کو منہ توڑنے اور دانت توڑنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔