خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page 2 of 773

خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 2

خطابات جلسہ سالانہ (۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۳ء) تیز ، تیز تر کرتے چلے جائیں گے۔۱۹؍ دسمبر ۱۹۶۵ء۔افتتاحی خطاب میری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں اور میں ہمیشہ آپ کی دعاؤں کا بھوکا ہوں۔میں نے آپ کی تسکین قلب کے لئے ، آپ کے بار ہلکا کرنے کے لئے ، آپ کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے اپنے رب رحیم سے قبولیت دعا کا نشان مانگا ہے اور مجھے پورا یقین اور پورا بھروسہ ہے اس پاک ذات پر کہ وہ میری اس التجا کو رد نہیں کرے گا۔ہم جس عہد کی تجدید کے بعد اور جن اغراض کی خاطر آج یہاں اکٹھے ہوئے ہیں اس کے پیش نظر ہمیں بعض باتیں یادرکھنی چاہئیں۔اول تو یہ کہ حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جمعہ کے اجتماع پر اللہ تعالیٰ ایک گھڑی ایسی بھی اپنے بندوں کو دیتا ہے کہ جس گھڑی میں وہ ان کی دعا کو خاص طور پر قبول کرتا ہے۔یہ پاک اجتماع بھی کچھ اسی قسم کا اجتماع ہے۔ہم کسی دنیوی میلہ میں شمولیت کے لئے یہاں نہیں آئے۔ہم خدا تعالیٰ کی محبت کی تلاش میں اس کی رضا کی راہوں کو ڈھونڈنے کے لئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔پس اپنے اوقات کو زیادہ سے زیادہ دعاؤں میں خرچ کرو۔انہیں ضائع نہ کرو کہ آپ اس مسیح کی طرف منسوب ہونے والے ہیں۔جس کے متعلق خود خدا تعالیٰ نے فرمایا الذي لا يضاع وقته ( تذکرہ ایڈیشن چہارم صفحہ نمبر ۵۵۰ ) کہ اس کا وقت ضائع نہیں کیا جائے گا بلکہ وہ اور اس کی جماعت کا ہر فرد معمور الاوقات ہوگا اور معمور الاوقات ہونے کے یہی معنے ہیں کہ ہماری زندگی کی ہر گھڑی خدا تعالیٰ کی عبادت میں ، اس کی رضا کی تلاش میں ، اس کے دین کی خدمت میں اور اس کی مخلوق کی بھلائی میں خرچ ہو۔پس ان ایام میں اس پاک گھڑی کی تلاش میں لگے رہو کہ جس وقت خدا تعالیٰ خصوصیت سے آپ کی دعا کو قبول کرنے کے لئے آسمان سے نیچے اترے اور آپ کی دعاؤں کو خاص طور پر قبول فرمائے۔دوسرا۔جب جم غفیر ہوتا ہے تو بعض تکلیفیں بھی برداشت کرنی پڑتی ہیں بعض بے آرامیاں بھی سہنی پڑتی ہیں۔آپ بشاشت کے ساتھ ان کو کہیں۔یہاں کے رہنے والے بڑے اخلاص کے ساتھ ، بڑی محبت کے ساتھ آپ کی خدمت کرتے ہیں لیکن آخر وہ انسان ہیں کبھی غلطی بھی کر سکتے ہیں آپ ان کی غلطیوں کو معاف فرما ئیں اور پردہ پوشی سے کام لیں اور ان کے لئے بڑی