خطابات طاہر (قبل از خلافت۔ تقاریر جلسہ سالانہ) — Page 213
تقاریر جلسه سالانه قبل از خلافت 213 حقیقت نماز ۲۷۹۱ء عبادت نہیں کی جائے گی۔پس اے احمدی نوجوانو اور بوڑھو اور بچو اور عور تو ! تم جو دنیا کی عظیم قوتوں سے نبرد آزمائی کے لئے اس حال میں نکلے ہو کہ بڑے قلیل اور نحیف اور کمزور اور کم مایا ہو اور دنیا کی قوتوں کے سامنے تمہیں اتنی بھی ظاہری حیثیت حاصل نہیں جتنی ہمالہ کی عظمتوں کے مقابل پر رائی کے ایک دانے کو ہو سکتی ہے۔اگر تم چاہتے ہو کہ شکست دنیا کی عظمتوں کے مقدر میں لکھی جائے اور فتح تمہارے بجز اور انکسار اور کم مائیگی کے حصے میں آئے تو اٹھو اور محمد عربی کی اس دعا کے مصداق ہو جاؤ جو بدر کے میدان میں مانگی گئی تھی۔عبادت پر اس مضبوطی سے قائم ہو جاؤ اور اپنی نمازوں کو اس طرح سنوار کر پڑھو کہ تم نماز کے دم سے قائم ہو اور نماز تمہارے دم سے قائم ہو۔اگر تم ایسا کر سکو اور خدا کرے کہ تم ایسا کر سکو تو یقین جانو کہ آسمان پر روح محمد ایک دفعہ پھر تمہارے حق میں ، ہاں تمہارے حق میں یہ دعا کرے گی کہ اللهُمَّ إِنْ أَهْلَكْتَ هَذِهِ الْعِصَابَةَ فَلَنْ تُعْبَدُ فِي الْأَرْضِ أَبَداً کہ اے اللہ ! تو نے مسیح موعود کی اس جماعت کو اگر آج ہلاک ہونے دیا تو پھر کبھی دنیا میں تیری عبادت نہیں کی جائے گی۔روح محمد تمہارے لئے یہ دعا کرے گی اور عرش کے کنگرے بھی اس کی تاثیر سے لرزنے لگیں گے۔تم اس دعا کے بعد خدا کی حفاظت میں اور اس کے جلال اور پیار کی گود میں جا بیٹھو گے اور کوئی نہیں دنیا میں جو تمہیں ہلاک کر سکے۔خدا کی عظمتوں کا سایہ تمہارے سر پر ہوگا اور تم عاجزوں کی ایک نحیف اور کمزور اور بے کس اور بے سہارا جماعت نہیں رہو گے۔ہاں دنیا کی عظیم نظر آنے والی طاقتیں تمہارے مقابل پر کمزور اور نحیف اور بے سہارا ہو جائیں گی۔خدا کے جلال اور جمال کا مظہر بن کر تم قوت اور شوکت کا ایک سیلاب بن کر نکلو گے جو شیطانی عظمتوں اور تکبر کے پہاڑوں کو تنکوں اور خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔اے خدائے عظیم کے مسکین بندو ! عبادت کے گر سیکھو اور اپنے عمل کو خدا کی عبادت سے حسین بنالو۔اگر تم ایسا کرو تو تم عظیم ہو گے اور دنیا تمہارے سامنے ایسی ہوگی جیسے کوہ ہمالہ کے مقابل پر رائی کا ایک حقیر اور کرم خوردہ دانہ۔پس اٹھو اور نماز کو قائم کرو اور مرد نہیں جب تک تم اپنے رب سے راضی نہ ہو جاؤ اور تمہارا رب تم سے راضی نہ ہو جائے۔