خطابات نور — Page 380
مگر تم دیکھتے ہو کہ میں اس مقام پر کھڑا ہوں۔اس لئے کہ میں نے کسی کپٹ اور لحاظ کے لئے اینٹ نہیں رکھی۔اگر ایسا ہوتا تو میں نہ اینٹ رکھتا اور نہ یہاں کھڑا ہوتا۔میں نے پہلے دن تقویٰ پر اس کی اینٹ رکھی ہے اور اب اسی سنت کو پورا کرنے کے لئے یہاں آیا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اس مسجدمیں کون ہوں گے؟وہ مرد ہوں گے جن کو ضرورت ہے اور جو پسند کرتے ہیں کہ وہ مقدس ہوں اور خدا تعالیٰ مقدسین ہی کی جماعت کو پسند کرتا ہے۔تم میں سے جو سچے دل سے چاہے گا کہ وہ مطہر اور پاکیزہ بن جاوے اللہ تعالیٰ اسے ضرور پاکیزہ بنادے گا۔یاد رکھو جس مسجد کی بنا تقویٰ پر رکھی گئی ہے ، اللہ تعالیٰ کی رضا مندی پر رکھی ہے وہ بڑی پکی مسجد ہے مگر جس کی بنا کھائی کے کنارے ہو وہ گرے گی اور بنانے والے کو ہی ساتھ لے جائے گی۔پس میں اللہ تعالیٰ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے اس کی بناء اللہ کی رضا کے لئے رکھی ہے اور تقویٰ پر رکھی ہے۔وہ غریب نواز ہے۔مجھ پر اس کے بڑے بڑے کرم ہیں۔وہ مجھے ایسی جگہ کھڑا نہیں کرے گا جو اس کی رضا کا مقام نہ ہو۔میری دعا ہے کہ اس مسجد کی بنا تقویٰ پر ہو۔تیرے محبوب ، پیارے تیرے دین کے خادم عمل کرنے والے قرآن کے خادم ہوں۔آمد ورفت کرنے والو ں میں تقویٰ کوٹ کوٹ کر بھری ہو اور جانشینوں میں بھی تقوی اللہ ہو۔میں اب بھی کرب سے دعا کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں کرب سے دعا کرنے والوں کی سنتا ہوں۔میں یہ اللہ تعالیٰ کا فضل سمجھتا ہوں ہاں اسی کا فضل ہے کہ اس نے مجھے جو کرب دیا جو دعا کی قبولیت کا ذریعہ ہوتا ہے اور میں اپنے آپ کو اور تمہیں خوش وقت سمجھتا ہوں۔یاد رکھو ہماری نسبت اور ہمارے کاموں کی نسبت لوگ کیا کیا منصوبے کرتے ہیں کرنے دو۔میں خدا کے فضل سے یقین رکھتا ہوں کہ میری چٹان سے جو سر مارے گا اس کا سر ٹوٹ جاوے گا۔اب میں خدا تعالیٰ کے پاک لوگوں کا نام تبرکاً سناتا ہوں۔ان میں سے ایک نوح تھے۔اللہ تعالیٰ نے نوح اور اس کے ساتھ والوں کی دعا کو سنا اور انہیں کرب عظیم سے نجات دی اور ان کے مکذبین پر انہیں نصرت دی اور بالآخر ان کے مخالفوں کو غرق کردیا۔یہ ایک راستباز اور اس کے ساتھ والوں اور