خطابات نور — Page 393
لاالٰـہَ اِلَّااللّٰہ کے تین عظیم الشان فائدے {تقریر فرمودہ ۲۵؍دسمبر ۱۹۱۰ء بعد نماز ظہر وعصر} اشھد ان لا الٰہ الا اللّٰہ وحدہ لاشریک لہ واشہد ان محمداً عبدہ ورسولہ (اٰل عمران :۱۹)۔حمد باری تعالیٰ: اللہ جلّ شانہٗ کا بہت بڑا احسان اور بہت بڑا کرم اور فضل ہوا ہے کہ مجھ کو آپ لوگوں سے ملاقات کا زندگی میں پھر موقع ملا ہے۔میں کوئی لمبی تقریر خصوصاً کھڑے ہوکر آواز بلند سے پہنچانے میں کسی قدر اس وقت عذر رکھتا ہوں اس واسطے ایک ضروری بات تمہیں پہنچانی چاہتا ہوں۔میں امید کرتا ہوں کہ جس طرح میں نے اپنے اوپر بہت بوجھ رکھ کر ہمت الٰہیہ سے یہ بات کہنی چاہی ہے۔اللہ جل شانہ‘ تم کو توفیق دے کہ تم اس میری بات کو دل سے مانو اور دل سے مان کر زبان سے اقرار کرو۔پھر اسی کے مطابق تمہارا عملدرآمد ہو۔تمام وہ قومیں جو اپنے آپ کو مسلمان کہتی ہیں۔وہ سب کی سب اس بات کو مانتی ہیں کہ کلمہ طیبہ یعنی لا الٰہ الا اللّٰہ کے واسطے کیا کیا کوششیںہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیں اور یہی لا الٰہ الا اللّٰہ جو فقرہ ہے۔اس کے پہنچانے کے لئے ہماری سرکار محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیرہ برس تک اپنے ملک میں بڑی بڑی تکالیف شدیدہ کو برداشت فرمایا۔آخر اس لا الٰہ الا اللّٰہ کی مخالفت کے باعث آپ کو وطن بھی چھوڑنا پڑا۔جب ان شریروں نے تکلیف کو حد سے بڑھا دیا تو اس رحمۃ للعالمین نے ہر طرح سے مقابلہ کیا اور انہی کی کوشش سے اس کلمہ کی اشاعت ہوئی۔چنانچہ ہم سب جو موجود ہیں۔لا الٰہ الا اللّٰہ کے قائل ہیں۔سب انبیاء