خطابات نور — Page 392
ثبوت ہستی باری پر مباحثہ سوفسطائی کی ملاقات کے بعد مجھے کسی ایسے آدمی سے ملنے کا شوق تھا جو دہریہ ہو اور ہستی باری کا منکر ہو۔میں دیکھنا چاہتا تھا کہ ان لوگوں کے پاس دلیلیں ہیںجو وہ خدا تعالیٰ کے وجود سے منکر ہیں۔اس کا موقع مجھے ایک بڑے رئیس کے دربار میں ملا۔آخری وقت دن کا تھا کھلے میدان میں دور تک سفید چاندنی (فرش پر) بچھی ہوئی تھی اور اس کے کونوں پر میر فروش رکھے ہوئے تھے۔آہستہ آہستہ نرم نرم ہوا چل رہی تھی اور ہوا کے سبب سے چاندنی میں ایک لطیف موج اٹھتی تھی جو دور تک نہایت موزوں ناچتی ہوئی چلی جاتی تھی۔یہ قدرتی نظارہ ایسا دلکش تھا کہ میں پوری توجہ سے اس میں بالکل منہمک ہو گیااور صوفیانہ خیالات دل میں آکر مجھ پر ایک وجد سا طاری کر رہے تھے۔رئیس اپنے پرائم منسٹر (وزیر اعظم) کے ساتھ کچھ مباحثہ کر رہا تھا جو بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ وہ مباحثہ ہستی باری کے متعلق تھا۔وہ پرائم منسٹر (وزیر اعظم ) موجودہ علوم کے رو سے ایک بہت بڑے پایہ کا آدمی تھا وہ وجودِ باری کا منکر تھا۔رئیس خدا تعالیٰ کی ہستی کے دلائل دیتا تھا اور وزیر اس کے بر خلاف کہتا تھا۔اثنائے گفتگو میں جب رئیس کسی موقع پر رکا تو اس نے مجھے آواز دی اور کہا کہ آپ ہستی باری کی کوئی دلیل دیجئے۔میں نے کہا یہی چاندنی اس وقت خدا تعالیٰ کی ہستی کا بڑابھاری ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کس طرح۔میں نے کہا۔آپ غور کریں۔کیا آپ نے کبھی ایسا دلربا نظارہ دیکھا ہے کس خوبصورتی کے ساتھ کیسا موزوں یہ تموج ہے۔۲؎ ٭…٭…٭ ۱؎ البدر ۱۸؍اگست ۱۹۱۰ء صفحہ۵،۶ ۲؎ البدر ۲۵؍اگست ۱۹۱۰ء صفحہ ۴تا۶