خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 777
777 جامعہ نصرت میں تقریب یوم الامهات 8 مارچ 1971 ء بروز سوموار جامعہ نصرت میں یوم الامہات کی تقریب زیر صدارت ڈائر یکٹرس (Directress) جامعہ نصرت سیدہ مریم صدیقہ صاحبہ مدظلہ العالیٰ منعقد ہوئی۔صدارتی خطاب میں آپ نے بیش بہا نصائح سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ:۔آج ہم اس لئے یہاں جمع ہوئے ہیں کہ اساتذہ اور مائیں با ہمی تعاون سے بچوں کے تعلیمی نقائص اور کردار کی خامیوں کا جائزہ لے کر ان کی اصلاح کی تدابیر سوچیں سب سے زیادہ ضرورت اس امر کی ہے کہ موجودہ تہذیب کے برے اثرات اور بے راہ روی سے اپنے بچوں کو بچایا جائے۔درحقیقت یہی اہم ترین مسئلہ ہے جس کے متعلق ہم سب کو سوچ کر اصلاحی اور عملی قدم اٹھانا چاہئے۔بیشتر اس کے کہ موجودہ تہذیب کے برے اثرات کی آگ جو ہمارے ارد گر د بھڑک رہی ہے اس کے شعلے ہمیں گھیر لیں ہمیں چاہئے کہ اس آگ سے بچنے کے لئے اعلیٰ اقدار، دینی تعلیم ، اچھی تربیت، دین سے محبت اور قرآن مجید سے محبت کا ایک ایسا حصار اپنے ارد گرد کھینچ لیں کہ وہ آگ جب ہمیں چھونے لگے تو خود بخود بجھ جائے اور ہم پر کوئی اثر نہ کر سکے۔الفضل 31 مارچ 1971ء