خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page 744 of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 744

744 ترقی کے لئے قرآن کریم ناظرہ اور باترجمہ پڑھانے کی تحریک فرمائی ہے۔ہماری روحانی غذا قرآن مجید کے ذریعہ حاصل ہو سکتی ہے۔قرآن ہی وہ کامل ضابطۂ حیات ہے جس پر عمل کرنے کے بغیر ہم کسی قسم کی ترقی نہیں کر سکتے۔پس قرآن مجید کا ترجمہ سیکھنے کی طرف توجہ دیں اور کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ عورتیں اور بچیاں قرآن با تر جمہ جانتی ہوں۔اگر آپ اپنے بچوں کی صحیح تربیت چاہتی ہیں تو اپنا عملی نمونہ ان کے سامنے پیش کریں خود نمازیں پڑھیں۔اور قرآن مجید پڑھیں تاکہ ان کے دلوں میں بھی شوق پیدا ہو کوئی قوم ایسی نہیں جس نے بغیر مالی قربانی کے ترقی کی ہو۔اللہ تعالیٰ نے انفاق فی سبیل اللہ کا حکم دیا ہے۔پس چاہئے کہ سادہ لباس پہنیں اور سادہ زندگی بسر کریں اور اس طرح جتنا روپیہ بچے وہ اسلام پر صرف کریں۔صحابہ کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔جب بھی رسول کریم کو ضرورت پڑتی تو صحابہ اور صحابیات اپنی ہرممکن قربانی پیش کر دیتے تھے۔آپ نے فرمایا تحریک جدید کے دور سوم کا آغاز اسی لئے کیا گیا تھا کہ نئی آنے والی نسلیں اس دور میں شامل ہوں۔اسی طرح اور بھی تحریکات ہیں۔مثلاً فضل عمر فاؤنڈیشن ، ایک اور نئی تحریک احمدی بچیوں اور اطفال کے لئے ہے کہ وہ پچاس ہزار کا بجٹ پورا کرنے کی کوشش کریں۔اگر چہ اس تحریک پر ایک مہینہ گزر چکا ہے مگر بہت کم لجنات کی طرف سے لسٹیں وصول ہوئی ہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے ہر ایک چرواہے کی حیثیت رکھتا ہے۔اور قیامت کے دن ہر ایک سے اپنے ریوڑ کے متعلق پوچھا جائے گا۔پس بچوں کی ایسے رنگ میں تربیت کریں کہ وہ اسلام کے بچے خادم بنیں۔دنیا ہماری طرف تبھی کھینچ کر آسکتی ہے۔جب ہم میں وہ تمام خصوصیات موجود ہوں جن کی اسلام تعلیم دیتا ہے۔الفضل 20 نومبر 1966ء