خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page 714 of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 714

714 خطاب جلسہ راولپنڈی 18 اپریل 1966ء کو ایک جلسہ عام میں آپ نے حاضرات کو بہت سی قیمتی نصائح فرمائیں۔آپ نے فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کی غرض توحید کا قیام تھا۔اسی مقصد کی خاطر آپ نے روحانی ہتھیاروں سے مسلح ہو کر عیسائیت کے خلاف ایک بہت بڑا محاذ قائم کیا تا کہ تثلیث کا قلع قمع کیا جائے آپ کے بعد آپ کے خلفاء نے عیسائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔اب ضرورت ہے کہ کاسر صلیب کی جماعت کا ہر فرد کا سر صلیب ہو لیکن یہ بھی ہوسکتا ہے جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے چھوڑے ہوئے عظیم الشان لٹریچر کا گہرا مطالعہ کیا جائے تا اس کے ذریعہ دشمنوں کو دندان شکن جواب دیا جاسکے۔حضرت اقدس کی کتابوں کو پڑھئے اور بار بار پڑھئے کہ اس سے وہ روحانی خزائن آپ کو ملیں گے جو آپ کے سینوں کو منور اور آپ کے دماغوں کو روشن کر دینگے۔خطاب کو جاری رکھتے ہوئے حضرت سیدہ موصوفہ نے فرمایا ہماری ہر عورت اور ہماری لجنہ کی ہر ممبر بذات خود اسلام کی مبلغ ہے۔پس میری بہنو اور میری بچیو جس دن یہ احساس ذمہ داری آپ کے نفوس میں بیدار ہوگا۔اور جس دن یہ روح آپ کے اندر پیدا ہوگی کہ ہم نے اسلامی تعلیمات پر احسن طریق سے عمل پیرا ہوکر خدا تعالیٰ کے پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے میں پہنچانا ہے۔یقیناً اور یقینا وہی اسلام کی فتح کا دن ہوگا۔کیونکہ اس روح کے نتیجہ میں آپ کے اندروہ ایمان پیدا ہو جائے گا کہ اس کے ساتھ اگر بڑے سے بڑا پہاڑ بھی ٹکرائے گا تو وہ ریزہ ریزہ ہو جائے گا۔الفضل 14 مئی 1966 ء