خطابات مریم (جلد اوّل)

by Other Authors

Page 708 of 801

خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 708

708 اور ماں، بہن اور بیٹی کی قربانیوں کے سامنے مردوں کی قربانیاں، بیچ ہوتی ہیں۔وہ بڑی تو ہوتی ہیں مگر جو جذبات اور جو روح تمہاری قربانی کے پیچھے ہوتی ہے جو فدائیت اور جو فنائیت تمہاری قربانی کے پیچھے ہوتی ہے وہ مرد کی قربانی کے پیچھے نہیں ہوتی۔مرد بسا اوقات قربانی کرتا ہے اور فخر سے سراٹھا کر ادھر ادھر دیکھتا ہے کہ کوئی اسے دیکھتا ہے یا نہیں۔مگر جب تم قربانی کرتی ہو تو تمہیں یہ بھی پتہ نہیں ہوتا کہ تم نے کوئی قربانی کی ہے تم بڑی سے بڑی قربانی کے وقت یہ سمجھ رہی ہوتی ہو کہ کاش تم کو بھی قربانی کا موقعہ ملتا۔پس تم خدا تعالیٰ کا ایک نشان ہو۔اس کے فرشتے تم پر آسمان سے دعائیں بھیج رہے ہیں اور خدا تعالیٰ عرش سے تم پر برکتیں نازل کر رہا ہے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تم کمزور ہو تمہارا مال بھی کم ہے۔تمہارا سرمایہ بھی بہت تھوڑا ہے مگر جو طاقت خدا تعالیٰ نے تمہیں بخشی ہے کہ تمہارے دل کے پیچھے ایک آتش فشاں پہاڑ کھڑا آگ برسا رہا ہے۔اس گرمی کا مقابلہ کسی مرد کا دل نہیں کر سکتا۔“ میں نے پچھلے سال بھی کہا تھا اور اب پھر وہ واقعہ دہراتا ہوں۔خدام الاحمدیہ کا جلسہ تھا میں نے خدام الاحمدیہ سے کہا ارے لڑ کو تم شرم کرو تم نو جوانوں نے اپنے دفتر کے بنانے کے لئے چندہ میں وہ حصہ نہیں لیا جو عورتوں نے اپنے دفتر کے تیار کرنے میں لیا ہے۔تو خدام میں سے ایک دلیر نو جوان کھڑا ہوا اور کہنے لگا کہ عورتوں نے کہاں سے چندہ دیا انہوں نے ہم سے ہی لے کر دیا ہے۔میں نے بھی جواب میں کہا پھر تو اور بھی شرم کی بات ہے کہ تمہاری جیب میں پیسے تھے عورتوں نے تمہاری جیب سے لے کر چندہ دے دیا تم جن کی جیب میں پیسے تھے خود اپنے کام کو پورا نہ کر سکے۔پس حقیقت یہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے جو جذ بہ تم میں رکھا ہے وہ جذ بہ ایک مافوق الانسانیت چیز نظر آتا ہے جب وہ حقیقی طور پر ظاہر ہوتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ انسانیت سے بہت اونچا نکل گیا ہے۔تو باوجود سامانوں کی کمی کے میں تمہیں توجہ دلاتا ہوں کہ تم اپنے فرض کو ادا کرو۔مسجد کا نقشہ بن رہا ہے۔عمارت بنے والی ہے انشاء اللہ تم اس رقم کو پورا کرنے کی کوشش کرو جس کا اندازہ اس مسجد کی تعمیر کے لئے لگایا گیا ہے۔“ یہ مندرجہ بالا اقتباس حضور کی 1952ء کی جلسہ سالانہ کی تقریر سے لیا گیا ہے جب آپ نے عورتوں میں مسجد ہالینڈ کی تحریک فرمائی تھی۔الحمد للہ کہ عورتوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں وہ مسجد تعمیر ہو چکی ہے۔اب حضور کی یادگار کے طور پر ہم نے ڈنمارک میں مسجد بنوانی ہے بہنوں سے حضور کے الفاظ میں ہی اپیل کرتی ہوں کہ تم اپنے فرض کو ادا کرو۔