خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 703
703 احمدی خواتین کا ملکی دفاع میں حصہ آپ جب قرون اولیٰ کی جنگوں کا حال تاریخوں میں پڑھتی ہونگیں تو بہت سی بہنوں کے دل میں خیال آتا ہو گا کہ اگر ہم اس وقت ہوتیں تو یوں قربانیاں دیتیں لیکن میری بہنو! اب اسلام پر ایک کڑا وقت آیا ہے۔دشمن اس کوشش میں ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام لیواؤں کو بے وطن کر دے۔لیکن انشاء اللہ ہم کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دینگے۔جہاں ہماری بہادر اور قابل فخر فو جیں ملک کا دفاع کر رہی ہیں۔وہاں آپ پر بھی ملکی دفاع کا بہت بڑا فریضہ عائد ہوتا ہے۔میں وہ چند باتیں درج ذیل کرتی ہوں جن پر عمل کرنا آپ کیلئے بہت ضروری ہے۔1۔ہمارا آخری سہارا مولیٰ کریم ہے جو اپنے بندوں کی عاجزی کو پسند کرتا ہے اور اس کی دعاؤں کو قبول فرماتا ہے۔ان دنوں میں ہمیں چاہئے کہ باقاعدہ رات کو تہجد پڑھیں، تہجد کے علاوہ دن کو نوافل بھی ادا کریں اور اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر پاکستان کی سلامتی مسلمانوں کی بقاء مسلمان فوجوں کی کامیابی اور اسلام کی ترقی کی دعائیں مانگیں۔2 کسی موقع پر بھی اپنے اوسان نہ خطا ہونے دیں۔مومن بہادر ہوتا ہے۔اپنے بچوں میں بھی بہادری کا جذبہ اور قوم و ملک کے لئے قربانی کا جذبہ پیدا کریں۔3۔افواہیں نہ پھیلائیں۔یہ صریحاً اسلام کی تعلیم کے خلاف اور ملک کے مفاد کے منافی ہے۔ہوسکتا ہے کہ آپ سادگی سے کوئی بات کسی دوسرے کو بتا دیں جو ملک کے مفاد کے خلاف ہو۔اس لئے سنی سنائی باتیں دوسروں تک پہنچانے سے پر ہیز کریں۔یہ بہت بڑی اخلاقی مدد ہوگی۔جو آپ پاکستان کی کریں گی۔-4۔ہر احمدی عورت ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ حاصل کرے۔تا وقت پڑنے پر ملک کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکے۔تمام شہری لجنات کو ابتدائی طبی امداد سکھانے کا انتظام کرنا چاہیئے۔5۔قومی دفاعی فنڈ میں حصہ لیجئے۔اپنے اخراجات میں کمی کریں اپنے کھانے پینے کپڑوں اور روزمرہ کے اخراجات میں جس قدر کفایت ہو سکے کریں اور روپیہ بچا کر ملک کی حفاظت اور مجاھدین کے اخراجات کے لئے دیں۔6۔ہماری بہنیں مجاہدین پاکستان کے لئے سوئیٹر بن کر بھجوائیں اور اس کے علاوہ وہ تمام اشیاء جن کے لئے ریڈ کر اس یا گورنمنٹ کی طرف سے اعلان کیا جا رہا ہے۔جمع کر کے بھجوائیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو تو فیق عطا فرمائے کہ آپ ملکی دفاع میں حصہ لے سکیں۔الفضل 22 ستمبر 1965ء