خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 321
321 خود آ کر ملیں۔خط لکھے۔تہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔میرا دل آپ سب کی محبت سے پُر ہے اور میں آپ سب کے لئے دعا کرتی ہوں اور کرتی رہوں گی۔انشاء اللہ تعالیٰ مجھے آپ سب اپنی اولا د اور اپنے سب عزیزوں سے زیادہ پیاری ہیں۔آپ کی خوشی میری خوشی ہے۔اور آپ کا دکھ میرا دکھ یہ سبق بھی حضرت مصلح موعود کی صحبت نے ہی سکھایا ہے۔آپ کو جماعت اپنی بیویوں اور بچوں اور عزیزوں سے بہت زیادہ پیاری تھی۔آپ کسی احمدی کا غم نہ دیکھ سکتے تھے۔راتوں کو اٹھ اٹھ کر آپ کے لئے دعائیں کیا کرتے تھے۔اسی مقدس تعلق کی وجہ سے آپ سے بھی میں درخواست کرتی ہوں کہ مجھے اپنی دعاؤں میں یا درکھیں کہ اللہ تعالیٰ مجھے بے حساب بخش دے اور میری بقیہ زندگی اسلام کی خدمت اور بنی نوع انسان کی خدمت میں بسر ہو۔مجھے اللہ تعالیٰ کی محبت نصیب ہو۔اور جب خدا تعالیٰ کی طرف سے بلاوا آئے اس کی رحمت اور مغفرت مجھے ڈھانپ لے۔اب میں آپ سے رخصت ہوتی ہوں۔لیکن اس سے قبل ایک اعلان کر دیتی ہوں ہمیشہ اجتماع کے موقع پر یہ اعلان کیا جاتا تھا کہ کس لجنہ کا کام دوران سال بہترین رہا۔چونکہ جنگ کی وجہ سے اس سال اجتماع نہ ہو سکا۔اس لئے اب اس موقع پر اعلان کیا جاتا ہے کہ لجنہ اماءاللہ ربوہ اول قرار پائی ہے لجنہ لاہور اور راولپنڈی دوم اور لجنہ پشاورسوم۔لجنہ کراچی کی سالانہ رپورٹ موصول نہ ہونے کی وجہ سے اسے مقابلہ میں شامل نہیں کیا جا سکا۔حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ اپنے مبارک ہاتھوں سے اوّل لجنہ کو انعام عطا فرمائیں گی۔باقی بجنات کی سندات اگر وہ یہاں نہیں ہیں تو ڈاک سے بھجوادی جائیں گی۔اب میں آپ کو الوداع کہتی ہوں اللہ تعالیٰ کرے کہ آپ خیریت سے واپس جائیں۔خیریت سے رہیں اور پھر اللہ تعالیٰ اگلے جلسہ سالانہ پر آپ کو یہاں آنے اور ان برکات سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔جو کچھ آپ نے یہاں سے استفادہ کیا ہے اس سے جو بہنیں نہیں آسکیں ان کو فائدہ پہنچا سکیں آپ ایک عظیم الشان تبدیلی یہاں سے پیدا کر کے جائیں ایسی عظیم الشان تبدیلی جو احمدیت کے لئے ایک نئی صبح طلوع کرنے کا موجب بنے اللہ تعالیٰ آپ کا حافظ وناصر ہو۔السلام علیکم۔خاکسار مریم صدیقہ مصباح مئی 1966