اسلام اور عصر حاضر کے مسائل کا حل — Page 127
مستقبل کی نسلیں جہاں تک مستقبل کی نسلوں کا تعلق ہے اس بارہ میں اسلام نے ایک منفرد انداز میں معاشرہ کی رہنمائی اور تربیت کا اہتمام کیا ہے۔اسلام یہ تعلیم دیتا ہے کہ والدین اور بچوں کے درمیان بہترین تعلق کے لئے میاں بیوی کے مابین پیار اور محبت کا ایک مثالی تعلق ہونا بے حد ضروری ہے۔اس لحاظ سے سورۃ النساء کی آیت نمبر ۳۵ جس میں مرد کے قوام یعنی سر پرست ہونے کا ذکر ہے خاوند پر بہت بھاری ذمہ داری عائد کرتی ہے۔اگر خاوند کا طرز عمل خوشگوار گھریلو زندگی کے فروغ کے لئے سازگار نہیں اور مناسب ماحول پیدا نہیں کرتا تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ایسا خاوند بحیثیت نگران اور سر پرست اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ قوام کی بہترین مثال ہمارے پیارے آقا و مولیٰ حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات والا صفات ہے۔آپ اپنے اہل بیت کے ساتھ کسی قسم کی کوئی سختی روا نہیں رکھتے تھے۔آپ کا انداز نہ تو تحکمانہ تھا اور نہ ہی آپ ان لوگوں کی طرح تھے جو ہمیشہ اپنی ہی بات منواتے ہیں۔آپ کی محبوب شخصیت میں کوئی ایسا تکلف یا ترشی کا شائبہ تک نہیں تھا جس سے لوگوں کی طبائع میں کوئی نفور پیدا ہو۔اہل بیت کی تربیت ایک عظیم الشان ذمہ داری تھی اور یہ ذمہ داری آپ نے اس شاندار طریق پر ادا کی جو آنے والے سب زمانوں کے لئے ایک نہایت اعلیٰ زندہ و تابندہ اور قابل تقلید مثال ہے۔ان سب لوگوں کو جو لفظ قوام کے حقیقی معنی جاننا اور سمجھنا چاہتے ہیں آنحضرت ﷺ کے اس نمونہ پر غور کرنا چاہئے۔ایک مشہور حدیث میں جو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے آنحضرت ﷺ نے فرمایا: مومنوں میں ایمان کے لحاظ سے کامل ترین مومن وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہیں اور تم میں سے اخلاق کے لحاظ سے بہترین وہ ہے جو 127