احمدیوں کے بارہ میں ایک فیصلہ — Page 254
صحابی کی اصطلاح اب ہم صحابی کی اصطلاح کی طرف آتے ہیں۔اس آرڈینس میں یہ ممانعت کی گئی تھی کہ احمدی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے علاوہ کسی اور کے لئے صحابی کا لفظ استعمال نہیں کر سکتے۔مفردات امام راغب میں اس کا مطلب ہمیشہ رہنے والا ساتھی بیان ہوا ہے۔یہ تو سب جانتے ہیں کہ صحابی کی جمع اصحاب ہے اور یہ لفظ قرآن کریم میں مختلف معانی میں بیان ہوا ہے اور قبل از اسلام لوگوں کے لئے بھی اس لفظ کا استعمال کیا گیا ہے مثلاً سورۃ الکہف آیت 9 میں اصحبُ الْكَهْفِ وَالرَّقِیم کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں اور سورۃ الحج آیت 45 میں مدین کے لوگوں کے لئے بھی اصحب مدین کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اصطلاح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کے لئے مخصوص نہیں ہے اور اسلامی لٹریچر میں یہ لفظ دوسروں کے لئے استعمال ہوتا رہا ہے۔مثال کے طور پر معروف شیعہ کتاب چودہ ستارے میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے ایک صحابی کے بارے میں لکھا ہے۔ناگاہ ایک صحابی حسین نے تکبیر کہی چودہ ستارے مولفہ نجم الحسن کراروی، ناشر مکتبہ الرضا 2010 اس 253) اسی طرح عثمان بن سعید عمری کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ امام علی نقی رحمتہ اللہ علیہ اور امام حسن عسکری کے اصحاب میں سے تھے۔(چودہ ستارے مولفہ نجم لحسن کراروی، ناشر مکتبہ الرضا2010، صفحہ 582) یہ تو صرف دو مثالیں ہیں ورنہ شیعہ احباب کے لٹریچر میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھیوں کے لئے بکثرت اصحاب اور صحابی کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔254