اسلام کا وراثتی نظام — Page 6
ایک بیش قیمت علمی تحقیق از قلم محترم صاحبزادہ مرزا طاہر احمد خلیفتہ المسیح الرابع) فضل عمر فاؤنڈیشن ٹھوس علمی تحقیقات کو فروغ دینے کے لئے ہر سال جو صلائے عام دیتی ہے یہ ایک ایسا سلسلہ ہے جسے خدا کے فضل سے پہلے ہی سال پھل لگنے شروع ہو گئے۔ان پھلوں میں ایک خاص طور پر شیریں اور خوشنما اور معطر پھل وہ تحقیقی مضمون ہے جو برادرم مکرم پروفیسر عبدالرشید غنی صاحب نے بڑی علمی کاوش اور محنت اور کرید کے بعد مرتب فرمایا اور فضل عمر فاؤنڈیشن کی خدمت میں حسن فتح کے فیصلہ کے لئے پیش کیا۔عنوان اس مضمون کا ہے۔جب یہ مضمون مختلف اندرونی اور بیرونی مصنفین کی خدمت میں فیصلہ کے لئے پیش کیا گیا تو سب نے اسے بہت سراہا اور بعض نے تو اچھے نمبر دینے کے علاوہ غیر معمولی تعریفی کلمات اس مضمون کے حق میں لکھے۔چنانچہ فضل عمر فاؤنڈیشن نے اس مضمون کو ایک نہایت اعلیٰ کوشش قرار دیتے ہوئے انعام کا مستحق قرار دیا اور اس قابل سمجھا کہ اگر مصنف خود اسے طبع کروا سکیں تو طباعت کے سلسلہ میں ان کی ہر ممکن امداد کی جائے۔یہ مضمون اب ایک خوشنما کتاب کی صورت میں چھپ کر بام پر آ گیا ہے اور ہر عاشق علم کو دعوت نظارہ دے رہا ہے۔اسلامی وراثت کے قوانین اگر چہ معدودے چند قرآنی آیات میں سمیٹ دیئے گئے ہیں لیکن حقیقت میں وہ وراثت کی سینکڑوں امکانی صورتوں پر پوری طرح حاوی اور ہر پیدا ہو نیوالی الجھن کا حل اپنے اندر رکھتے ہیں۔اس قرآنی معجزہ کا پورا لطف اُٹھانا ہر کس ونا کس کا کام نہیں اور جب تک محققین کی سالہا سال کی محنتوں کے نتائج سے استفادہ نہ کیا جائے اور اہل علم کی آنکھ سے ان مسائل کو نہ دیکھا جائے اس معجزہ کی پوری شان ایک عامی کو نظر نہیں آسکتی۔اس پہلو سے برادرم پروفیسر غنی صاحب کی تحقیق ایک بلند