مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 413 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 413

بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ ڈاکٹر جان الیگزینڈر ڈوئی امریکہ کا جھوٹا نبی میری پیشگوئی کے مطابق مر گیا واضح ہو کہ یہ شخص جس کا نام عنوان میں درج ہے اسلا م کا سخت درجہ پر دشمن تھا اور علاوہ اس کے اُس نے جھوٹا دعویٰ پیغمبری کا کیا اور حضرت سیّدالنبیین و اصدق الصادقین و خیر المرسلین و امام الطیبین جناب تقدس مآب محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وسلم کو کاذب اور مفتری خیال کرتا تھا اور اپنی خباثت سے گندی گالیاں اور فحش کلمات سے آنجناب کو یاد کرتا تھا۔غرض بغض دین ِ متین کی وجہ سے اس کے اندر سخت ناپاک خصلتیں موجود تھیں اور جیسا کہ خنزیروں کے آگے موتیوں کا کچھ قدر نہیں ایسا ہی وہ تو توحید اسلام کو بہت ہی حقارت کی نظر سے دیکھتا اور اس کا استیصال چاہتا تھا اور حضرت عیسیٰ ؑ کو خدا جانتا تھا۔اور تثلیث کو تمام دنیا میں پھیلانے کے لئے اتنا جوش رکھتا تھا کہ مَیں نے باوجود اس کے کہ صد ہا کتابیں پادریوں کی دیکھیں مگر ایسا جوش کسی میں نہ پایا۔چنانچہ اس کے اخبار لیؤز آف ہیلنگ مورخہ ۱۹؍ دسمبر ۱۹۰۳ء اور ۱۴؍ فروری ۱۹۰۷ء میں یہ فقرے ہیں:- ’’میں خدا سے دُعا کرتا ہوں کہ وہ دن جلد آوے کہ اسلام دنیا سے نابود ہو جاوے۔اے خدا تو ایسا ہی کر۔اے خدا اسلام کو ہلاک کر دے۔‘‘ اور پھر اپنے پرچہ ۱۲؍ دسمبر ۱۹۰۳ء میں اپنے تئیں سچا رسُول اور سچا نبی قرار دے کر کہتا ہے