مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 411
دکھائے کہ اگر وہ ان امتوں کے وقت نشان دکھلائے جاتے جو پانی اور آگ اور ہوا سے ہلاک کی گئیں تو وہ ہلاک نہ ہوتیں مگر اس زمانہ کے لوگوں کو میں کس سے تشبیہ دوں وہ اس بدقسمت کی طرح ہیں جس کی آنکھیں بھی ہیں پر دیکھتا نہیں اور کان بھی ہیں پر سنتا نہیں اور عقل بھی ہے پر سمجھتا نہیں۔میں ان کے لئے روتا ہوں اور وہ مجھ پر ہنستے ہیں اور میں ان کو زندگانی کا پانی دیتا ہوں اور وہ مجھ پر آگ برساتے ہیں۔خدا میرے پر نہ صرف اپنے قول سے ظاہر ہوا ہے بلکہ اپنے فعل کے ساتھ بھی اس نے میرے پر تجلی کی اور میرے لیے وہ کام دکھلائے اور دکھلائے گا کہ جب تک کسی پر خدا کا خاص فضل نہ ہو اس کے لئے یہ کام دکھلائے نہیں جاتے۔لوگوں نے مجھے چھوڑ دیا لیکن خدا نے مجھے قبول کیا۔کون ہے جو ان نشانوں کے دکھلانے میں میرے مقابل پر آسکتا ہے۔میں ظاہرہوا ہوں تا خدا میرے ذریعہ سے ظاہر ہو۔وہ ایک مخفی خزانہ کی طرح تھا مگر اب اس نے مجھے بھیج کر ارادہ کیا کہ تمام دہریوں اور بے ایمانوں کا منہ بند کرے جو کہتے ہیں کہ خدا نہیں۔مگر اے عزیزو! تم جو خدا کی طلب میں لگے ہوئے ہو میں تمہیں بشارت دیتا ہوں کہ سچا خدا وہی ہے جس نے قرآن نازل کیا۔وہی ہے جس نے میرے پر تجلی کی اور جو ہردم میرے ساتھ ہے۔اے پادری صاحبان! میں آپ لوگوں کو اُس خدا کی قسم دیتا ہوں جس نے مسیح کو بھیجا اور اس محبت کو یاد دلاتا ہوں اور قسم دیتا ہوں جو آپ لوگ اپنے زعم میں حضرت یسوع مسیح ابن مریم سے رکھتے ہیں کہ ایک مرتبہ ضرور میری کتاب حقیقۃ الوحی کو اوّل سے آخر تک حرف بحرف پڑھ لیں اور اگر کوئی صاحب اہلِ علم سے نیک نیتی سے میری کتاب حقیقۃ الوحی اس شرط کے ساتھ طلب کریں گے اور قسم کھائیں گے کہ ہم اس کتاب کو اوّل سے آخر تک غور سے دیکھیں گے تو میں وہ کتاب مفت ان کو بھیج دوں گا۔اور اگر اس سے تسلی نہیں ہو گی تو میں امید رکھتا ہوں کہ خدا کوئی اور نشان دکھائے گا کیونکہ اس کا وعدہ ہے کہ میں اس زمانہ پر اپنی حجت پوری کروں گا۔اب میںختم کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ خدا طالب حق کے ساتھ ہو۔آمین