مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 366
ٹھٹھے اور ہنسی سے دیکھتے ہیں اور اُن کے دل ڈرتے نہیں۔خدا فرماتا ہے کہ مَیں چھپ کر آئوں گا۔مَیں اپنی فوجوں کے ساتھ اُس وقت آئوں گا کہ کسی کو گمان بھی نہ ہو گا کہ ایسا حادثہ ہونے والا ہے۔غالباً وہ صبح کا وقت ہو گا یا کچھ حصہ رات میں سے یا ایسا وقت ہو گا جو اس سے قریب ہے۔پس اے عزیزو! تم جو خدا تعالیٰ کی وحی پر ایمان لاتے ہو ہشیار ہو جائو اور اپنے توبہ کے جامہ کو خوب پاک اور صاف کرو کہ خدا تعالیٰ کا غضب آسمان پر بھڑکا ہے۔وہ چاہتا ہے کہ دنیا کو اپنا چہرہ دکھاوے۔بجز توبہ کے کوئی پنا ہ نہیں۔ہلاک ہو گئے وہ لوگ جن کا کام ٹھٹھا اور ہنسی ہے جو گناہ اور معصیت سے باز نہیں آتے۔اور ان کی مجلسیں ناپاکی اور غفلت سے بھری ہوئی ہیں اور اُن کی زبانیں مُردار سے بدتر ہیں۔وہ بار بار کی شوخیوں سے خدا تعالیٰ کے غضب کو بھڑکاتے ہیں۔وہ دلوں کے اندھے ہیں۔اور خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس روز مَیں اُن پر رحم کروں گا۔جن کے دل مجھ سے ترساں اور ہراساں ہیں۔جو نہ بدی کرتے ہیں اور نہ بدی کی مجلسوں میں بیٹھتے ہیں۔اور خدا نے یہ بھی فرمایا کہ اس روز تیرے لئے فتح نمایاں ظاہر ہوگی کیونکہ خدا اس روز وہ سب کچھ دکھلائے گا جو قبل از وقت دنیا کو سُنایا گیا۔خوش قسمت وہ جو اَب بھی سمجھ جائے۔یاد رہے کہ خدا کا غیب نہایت عمیق در عمیق ہوتا ہے۔بجز اُن خدا کے مُرسلوں کے جو جنابِ الٰہی میں برگزیدہ ہوتے ہیں اور کسی پر نہیں کُھلتا اور کسی کو اس خالص غیب سے اطلاع نہیں دی جاتی۔پس مجھے خدا تعالیٰ نے اطلاع دی ہے تا وہ جو خدا تعالیٰ کو شناخت نہیں کرتے اور نہ مجھ کو، اُن کو پتہ لگ جائے۔مَیں محض ہمدردی کی راہ سے یہ بھی کہتا ہوں کہ اگر بڑے بڑے مکانوں سے جو دو منزلے سہ منزلے ہیں اجتناب کریں تو اس میں رعایت ظاہر ہے۔آئندہ اُن کا اختیار۔والسلام المشتھر میرزا غلام احمد قادیانی ۲۹؍ اپریل ۱۹۰۵ء بروز شنبہ (نولکشور پریس لاہور) (یہ اشتہار ۲۲×۲۹ ۴ کے آٹھ صفحات پر ہے) (تبلیغ رسالت جلد۱۰ صفحہ ۹۳، ۹۴)