مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 119 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 119

غیب کی پوشیدہ باتیں اور اسرار جو خدا کی اقتداری قوت کے ساتھ پیش از وقت مجھ سے ظاہر ہوتے ہیں ان میں کوئی میری برابری کر سکے تو مَیںخدا کی طرف سے نہیں ہوں۔اب کہاں ہیں وہ پادری صاحبان جو کہتے تھے کہ نعوذ باللہ حضرت سیّدنا و سیّد الوریٰ محمد مصطفیٰ صلے اللہ علیہ وسلم سے کوئی پیشگوئی یااور کوئی امر خارق عادت ظہور میں نہیں آیا۔مَیں سچ سچ کہتا ہوں کہ زمین پر وہ ایک ہی انسان کامل گذرا ہے جس کی پیشگوئیاں اور دعائیں قبول ہونا اور دوسرے خوارق ظہور میں آنا ایک ایسا امر ہے جو اب تک امت کے سچے پیروئوں کے ذریعہ سے دریا کی طرح موجیں مار رہا ہے۔بجز اسلام وہ مذہب کہا ں اور کدھر ہے جو یہ خصلت اور طاقت اپنے اندر رکھتا ہے اور وہ لوگ کہاں اور کس ملک میں رہتے ہیں جو اسلامی برکات اور نشانوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔اگر انسان صرف ایسے مذہب کا پیرو ہو جس میں آسمانی روح کی کوئی ملاوٹ نہیں تو وہ اپنے ایمان کو ضائع کرتا ہے مذہب وہی مذہب ہے جو زندہ مذہب ہو اور زندگی کی رُوح اپنے اندر رکھتا ہو اور زندہ خدا سے ملاتا ہو۔اور میںصرف یہی دعویٰ نہیں کرتا کہ خدا تعالیٰ کی پاک وحی سے غیب کی باتیں میرے پر کھلتی ہیں اور خارق عادت امر ظاہر ہوتے ہیں بلکہ یہ بھی کہتا ہوں کہ جو شخص دل کو پاک کر کے اور خدا اور اس کے رسول پر سچی محبت رکھ کر میری پیروی کرے گا وہ بھی خدا تعالیٰ سے یہ نعمت پائے گا۔مگر یاد رکھو کہ تمام مخالفوں کے لئے یہ دروازہ بند ہے۔اور اگر دروازہ بند نہیں ہے تو کوئی آسمانی نشانوں میں مجھ سے مقابلہ کرے۔اور یاد رکھیں کہ ہر گز نہیں کر سکیں گے۔پس یہ اسلامی حقیت اور میری حقانیت کی زندہ دلیل ہے۔ختم ہوا پہلا نمبر اربعین کا۔وَالسَّلَامُ عَلٰی مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰی المشتہر مرزا غلام احمد مسیح موعود از قادیان ۲۳؍ جولائی ۱۹۰۰ء (اربعین نمبر۱ مطبوعہ ۱۵؍دسمبر ۱۹۰۰ء صفحہ ۱ تا۴۔روحانی خزائن جلد۱۷ صفحہ ۳۴۳تا۳۴۶)