مجموعہ اشتہارات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 118 of 493

مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 118

ظاہر ہے کہ ہر چیز اپنے نوع سے محبت کرتی ہے یہاںتک کہ چیونٹیاں بھی اگر کوئی خود غرضی حائل نہ ہو۔پس جو شخص خدا تعالیٰ کی طرف بُلاتا ہے اس کا فرض ہے کہ سب سے زیادہ محبت کرے۔سو مَیں نوعِ انسان سے سب سے زیادہ محبت کرتاہوں۔ہاں ان کی بدعملیوں اور ہر ایک قسم کے ظلم اور فسق اور بغاوت کا دشمن ہوں۔کسی کی ذات کا دشمن نہیں۔اس لئے وہ خزانہ جو مجھے ملا ہے جو بہشت کے تمام خزانوں اور نعمتوں کی کنجی ہے۔وہ جوش محبت سے نوع انسان کے سامنے پیش کرتا ہوں۔اور یہ امر کہ وہ مال جو مجھے ملا ہے وہ حقیقت میں از قسم ہیرا اور سونا اور چاندی ہے کوئی کھوٹی چیزیں نہیں ہیں۔بڑی آسانی سے دریافت ہو سکتا ہے اور وہ یہ کہ ان تمام دراہم اور دینار اور جواہرات پر سلطانی سکّہ کا نشان ہے یعنی وہ آسمانی گواہیاں میرے پاس ہیں جو کسی دوسرے کے پا س نہیں ہیں۔مجھے بتلایا گیا ہے کہ تمام دینوں میں سے دین اسلام ہی سچا ہے۔مجھے فرمایا گیا ہے کہ تمام ہدایتوں میں سے صرف قرآنی ہدایت ہی صحت کے کامل درجہ اور انسانی ملاوٹوں سے پاک ہے۔مجھے سمجھایا گیا ہے کہ تمام رسولوں میں سے کامل تعلیم دینے والا اور اعلیٰ درجہ کی پاک اور پُر حکمت تعلیم دینے والا اور انسانی کمالات کا اپنی زندگی کے ذریعہ سے اعلیٰ نمونہ دکھلانے والا صرف حضرت سیّدنا و مولانا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔اور مجھے خدا کی پاک اور مطہر وحی سے اطلاع دی گئی ہے کہ مَیں اس کی طرف سے مسیح موعود اور مہدی معہود اور اندرونی اور بیرونی اختلافات کا حَکـَم ہوں۔یہ جو میرا نام مسیح اور مہدی رکھا گیا ان دونوں ناموں سے رسُول اللہ صلیّ اللہ علیہ وسلم نے مجھے مشرف فرمایا۔اور پھر خدا نے اپنے بلاواسطہ مکالمہ سے یہی میرا نام رکھا اور پھر زمانہ کی حالت موجودہ نے تقاضا کیا کہ یہی میرا نام ہو۔غرض میرے ان ناموں پریہ تین گواہ ہیں۔میرا خدا جو آسمان اور زمین کا مالک ہے۔مَیں اس کو گواہ رکھ کر کہتا ہوں کہ مَیںاس کی طرف سے ہوں اور وہ اپنے نشانوں سے میری گواہی دیتا ہے۔اگر آسمانی نشانوں میںکوئی میرا مقابلہ کر سکے تو مَیں جھوٹا ہوں۔اگر دعائوں کے قبول ہونے میں کوئی میرے برابراُتر سکے تو مَیں جھوٹا ہوں۔اگر قرآن کے نکات اور معارف بیان کرنے میں کوئی میرا ہم پلّہ ٹھہر سکے تو مَیں جھوٹا ہوں۔اگر