مجموعہ اشتہارات (جلد 2) — Page 77
مجموعہ اشتہارات ۱۴۵ جلد دوم جات تحقیق مذاہب بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ چونکہ خدائے عزوجل نے مختلف مذاہب کے لوگوں کو جو برٹش انڈیا میں سکونت پذیر ہیں گورنمنٹ برطانیہ کے زیر سایہ رکھ کر ہر طرح کا امن اور آزادی بخشی ہے جس کا شکر و سپاس ہم سب پر واجب ہے اور نہ صرف اسی قدر بلکہ خدا تعالیٰ کے فضل بے غایت نے وہ سارے سامان ہم لوگوں کے لیے میسر کر دیئے ہیں جو مذاہب کی تحقیق اور تدقیق کے لیے ضروری ہیں۔پھر اس پر زیادہ رحمت الہی یہ ہے کہ ہر ایک فریق اپنی مذہبی کتابوں کا پورا پورا سامان اپنے پاس رکھتا ہے۔اور ایک گروہ دوسرے گروہ سے گوکیسی ہی درمیان بعد مسافت ہو بڑے آرام سے ملاقات کر سکتا ہے اور جو لوگ دنیا میں نیکی کے پھیلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ہر ایک پہلو سے اُن کے لیے آسانی ہوگئی ہے۔دین کے خادموں کے لیے کئی طور سے خادم پیدا ہو گئے ہیں چنانچہ سفر کے لیے ریل خادم ہے جس کی سواری پہلے زمانہ کے بادشاہوں کو بھی میسر نہیں آئی اور خبروں کے جلد پہنچانے کے لیے تار برقی خادم ہے۔اور تالیفات کے چھاپنے کے لیے چھاپے خانے خادم ہیں۔اور کتابوں کے شائع کرنے کے لیے ڈاکخانے خدمت دے رہے ہیں۔کتابت کے لیے عمدہ سے عمدہ کاغذ میسر آ سکتے ہیں۔اور لکھنے کے لیے آہنی قلمیں موجود ہیں۔جن کے تراشنے اور بنانے کی بھی حاجت نہیں۔حفظ اوقات کے لیے