مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 500 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 500

گئے اور انہوں نے چاہا کہ سب کو قتل کر کے اسلام کو نابود ہی کر دیں تب خدا تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی کو اُن بھیڑیوں کے ہاتھ سے مدینہ میں سلامت پہنچا دیا۔حقیقت میں وہی دن تھا کہ جب آسمان پر ظالموں کو سزا دینے کے لئے تجویز ٹھہر گئی ؎ تا دلِ مرد خُدا نامد بدرد ہیچ قومے را خدا رسوا نہ کرد۱؎ مگر افسوس کہ کافروں نے اسی پر بس نہ کیا بلکہ قتل کے لئے تعاقب کیا اور کئی چڑھائیاں کیں اور طرح طرح کے دکھ پہنچائے۔آخر وہ خدا تعالیٰ کی نظرمیں اپنے بے شمار گناہوں کی وجہ سے اس لائق ٹھہر گئے کہ اُن پر عذاب نازل ہو۔اگران کی شرارتیں اس حد تک نہ پہنچتیں تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہرگز تلوار نہ اٹھاتے مگر جنہوں نے تلواریں اٹھائیں اور خدا تعالیٰ کے حضور میں بے باک اور ظالم ثابت ہوئے وہ تلواروں سے ہی مارے گئے۔غرض جہاد نبوی کی یہ صورت ہے جس سے اہلِ علم بے خبر نہیں اور قرآن میں یہ ہدایتیں موجود ہیں کہ جو لوگ نیکی کریں تم بھی ان کے ساتھ نیکی کرو۔جو تمہیں پناہ دیں اُن کے شکر گذار بنے رہو اورجو لوگ تمہیں دکھ نہیں دیتے ان کو تم بھی دکھ مت دو۔مگر اِس زمانہ کے مولویوں کی حالت پر افسوس ہے کہ وہ نیکی کی جگہ بدی کرنے کو تیار ہیں اور ایمانی روحانیت اور انسانی رحم سے خالی۔اَللّٰھُمَّ اصْلِحْ اُمَّۃَ مُحَمَّدٍ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ۔اٰمین (یہ اشتہار سِرُّ الْخِلَافَہ مطبوعہ ریاض ہند امرتسر محرم ۱۳۱۲ھ صفحہ ۶۸ تا ۷۴ سے نقل کیا گیا ہے) (روحانی خزائن جلد ۸ صفحہ ۳۹۸ تا ۴۰۵) ------------------------------ ۱؎ ترجمہ۔جب تک کسی اللہ والے کا دل نہیں کڑھتا۔خدا کسی قوم کو ذلیل نہیں کرتا۔