مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 477 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 477

میں سرخرو رہیں۔فَمَا نَشْکُوْا اِلَّا اِلَی اللّٰہِ۔اب ان دنوں میں پادری صاحب نے اپنی کتاب نَصِیْحَۃُ الْمُسْلِمِیْنَ وغیرہ کی گالیوں پر بس نہ کر کے ایک اور کتاب نکالی ہے جس کا نام تَوْزِیْنُ الْاَقْوَالُ رکھا ہے۔اس میں بھی وہ بدگوئی سے باز نہیں رہ سکے۔قرآن شریف کی فصاحت پر ٹھٹھا کیا ہے اور لکھا ہے کہ اس کا اُتارنے والا رُوح القدس نہیں بلکہ ایک شیطان ہے۔اور پھر اپنی مولویت جتلائی ہے کہ ہم بڑے فاضل اور عالم ہیں اور عنقریب قرآن کی تفسیر شائع کرنی چاہتے ہیں۔اور جو رسالہ انہوں نے ان دنوں میں امریکہ کے جلسہ نمایش مذہبی میں بھیجا ہے اور چھپوا کر شائع کر دیا ہے اس میں دعویٰ ہے کہ اسلام کے عمدہ عمدہ مولوی سب عیسائی مذہب میں داخل ہو گئے ہیں اور ہوتے جاتے ہیں اور پھر ایک لمبی چوڑی فہرست ان مولویوں اور فاضلوں کی بغرض ثبوت دعویٰ پیش کی ہے جنہوں نے عیسائی دین قبول کر لیا ہے اور ان بزرگوں کی بہت علمی تعریف کی ہے کہ وہ ایسے ہیں اور ایسے ہیں۔اور یہ سمجھانا چاہا ہے کہ تمام اعلیٰ درجہ کے مولوی تو عیسائی ہو چکے اور اب اسلام کے دین پر قائم رہنے والے صرف جاہل اور نادان اور بے تمیز لوگ باقی ہیں۔مگر افسوس کہ یہ رسالہ مجھ کو وقت پر نہیں ملا اور نہ مؤلّف نے میری طرف بھیجا۔صرف چند روز سے مَیں نے اطلاع پائی ہے۔سو مَیں نے سوچا کہ اس طوفان کا بہت جلد جواب دینا ضروری ہے نیز اس حقیقت کو کھولنا واجبات سے ہے کہ گویا پادری عماد الدین صاحب نہایت اعلیٰ درجہ کے عالم دینِ محمدی تھے اور بڑے فاضل مولوی ہیں اور بباعث تبحر علمی ان کو حق پہنچتا ہے کہ قرآن شریف کی بلاغت فصاحت پر نکتہ چینی کریں اور اس کی اعلیٰ شان کے انکاری ہوں۔رسول اللہ صلعم کو گالیاں نکالیں،ٹھٹھا کریں اور بُرے بُرے نادانی کے نام رکھیں اور اُستاد بن کر آنحضرت صلعم کی عربی دانی کے نقص نکالیں۔اس لیے مَیں نے ان دنوں ایک رسالہ عربی میں لکھا ہے جس کا نام نور الحق رکھا ہے۔۱؎ اس رسالہ میں کچھ کچھ فضائل قرآنِ شریف اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر ہے اور بعض اعتراضات تَوْزِیْنُ الْاَقْوَالُ کا ردّ ہے ۱ ؎حاشیہ۔یہ رسالہ صرف چند روز میں بغیر کسی فکر اور سوچ کے لکھا گیا ہے کیونکہ وقت میں گنجائش نہ تھی تا ہم پادری صاحبوں کی عربی دانی کے لیے اسی قدر کافی ہے۔منہ