مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 161
اعلان قدرت سے اپنی ذات کا دیتا ہے حق ثبوت اُس بے نشاں کی چہرہ نمائی یہی تو ہے جس بات کو کہے کہ کروں گا میں یہ ضرور ٹلتی نہیں وہ بات خدائی یہی تو ہے قادیان کے آریوں کا دھرم پرکھنے کے لیے اگر کسی کو زیادہ فرصت نہ ہو تو ہمارے اسی اشتہار کے ذریعہ سے ساری کیفیت اُن کی معلوم ہو سکتی ہے کہ کہاں تک وہ ایسی سچائی کے قبول کرنے کے لیے مستعد ہیں جس کا اقرار کرنے سے وہ کسی طرح بھاگ نہیں سکتے۔اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ جس سال اس عاجز نے قادیان کے ہندوئوں کے ساتھ ایک تحریری معاہدہ ۱؎ کر کے بعض الہامی پیشین گوئیوں کے بتلانے کا وعدہ کیا تھا۔انہیں دنوں میں یہ پیشگوئی جو اس اشتہار کے اخیر میں درج ہے بخوبی ان کو سُنا کر اور قلمبند کر کے ان میں سے چار آدمیوں کے دستخط اس پر کرا دیئے تھے اور پیشگوئی کے ظہور کی میعاد اکتیس ماہ تک تھی۔اب جو فروری ۱۸۸۸ء کا مہینہ آیا جو حساب کی رو سے اکتیسواں مہینہ تھا تو ان بھلے مانسوں کے زہرناک تعصّب نے انہیں اس قدر صبر کرنے نہ دیا کہ مہینہ کے اخیر تک انتظار کرتے بلکہ ابھی وہ آخری مہینہ چڑھا ہی تھا کہ انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا کہ پیشگوئی غلط نکلی۔یعنی اب کیا ہے۔صرف چند روز باقی ہیں، لیکن اس قادر کی قدرت دیکھئے کہ کیسے اخیر پر اس نے ان کو اُلٹا کر مارا۔اور کیسے ذلیل اور رُسوا کیا کہ ابھی پندرہ دن اکتیسویں مہینے کے پورے ۱؎ یہ معاہدہ جلد ہذا کے صفحہ۱۱۹ ،۱۲۰پر درج ہے۔(مرتب)