مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 80
صداقت رکھی ہے جس کا مقابلہ کسی زمانہ میں کسی غیر قوم سے کبھی نہیں ہوسکا اور نہ اب ہوسکتا ہے۔اور اس امر کو مدلل طور پر بیان کرکے تمام مخالفین پر اتمام حجت کیا گیا ہے اور ہریک طالب حق کے لئے ثبوت کامل پانے کا دروازہ کھول دیا گیا ہے تا حق کے طالب اپنے مطلب اور مراد کو پہنچ جاویں اور تا تمام مخالف سچائی کے کامل نوروں کو دیکھ کر شرمندہ اور لاجواب ہوں اور تا وہ لوگ بھی نادم اور منفعل ہوں جنہوں نے یورپ کی جھوٹی روشنی کو اپنا دیوتا بنا رکھا ہے اور آسمانی برکتوں کے قائلوں کو جاہل اور وحشی اور ناتربیت یافتہ سمجھتے ہیں اور سماوی نشانوں کے ماننے والوں کا نام احمق اور سادہ لوح اور نادان رکھتے ہیں۔جن کا یہ گمان ہے کہ یورپ کے علم کی نئی روشنی اسلام کی روحانی برکتوں کو مٹا دے گی اور مخلوق کا مکر خالق کے نوروں پر غالب آجائے گا۔سو اب ہریک منصف دیکھے گا کہ کون غالب آیا اور کون لاجواب اور عاجز رہا۔اور کون صادق اور دانشمند ہے اور کون کاذب اور نادان! وَاللّٰہُ الْمُسْتَعَانُ وَ عَلَیْہِ التُّکْلَانُ۔خاکسارغلام احمد عفی اللہ عنہ۔(منقول از براہین احمدیہ حصّہ سوم بار اوّل صفحہ ۳۰۲ ملحقہ ٹائیٹل پیج۔مطبوعہ سفیر ہند پریس ۱۸۸۲ء) (روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۳۱۱ ، ۳۱۲)