ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 432 of 569

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 432

درس حدیث صحیح بخاری حضرت خلیفۃ المسیح مولوی حکیم نور الدین صاحب ایدہ اللہ تعالیٰ کے درس حدیث صحیح بخاری سے نوٹ جو حضرت کودکھا کر چھاپے جاتے ہیں مرتّبہ: محمد صادق عفی اللّٰہ عنہ تمہید اللہ تعالیٰ جَلَّ جَلَالُہٗ وَ عَمَّ نَوَالُہٗ کے انعامات کثیر کو کون گن سکتا ہے۔پھر اس کے رؤف رحیم رسول کی کرم فرمائیوں کے احسان کاشکر کون ادا کرسکتا ہے۔پھر مبارک ہیں وہ لوگ جنہوں نے ہدایت کی پاک راہوں کی تلاش میں حضرت سرور انبیاء کے مقدس کلمات کو تلاش کیا اور جمع کیا اور یہ معارف و حقائق کا بڑا خزانہ ہم تک پہنچایا۔اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر دے جنہوں نے حدیث رسول کو سنا اور جمع کیا اور آگے سنایا اور ان کے درجات کو بلند کرے اور انہیں اپنے قرب میںزیادتی دے۔آمین ثم آمین۔مدت سے اکثر دوستوں کی خواہش تھی کہ جس طرح قرآن شریف کے درس کے نوٹ بدرؔ کے ساتھ چھپتے ہیں اسی طرح حدیث کے بھی چھپا کریں۔اللہ تعالیٰ کے محض فضل اور کرم اور رحم اور غریب نوازی اور ذرہ پروری سے ہمیں توفیق ملی کہ ایک دَور درس قرآن شریف کا بدر کے ساتھ پوراہوا۔فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔اب دوسرا دَور شروع کیا گیا ہے مگر چونکہ یہ دور پہلے دور کا ایک ضمیمہ ہے اس واسطے اس کے لئے دو صفحات اخبار کافی ہیں۔باقی دو صفحات میں حدیث لکھنے کا میں نے ارادہ کیا تھا کہ رحمت الٰہی حضرت نور الدین علیہ الرحمۃ کے اس جوش میں ہم پر موجزن ہوئے کہ قرآن شریف کی طرح بخاری شریف کا بھی درس ہوا کرے۔چنانچہ وہ درس شروع ہوگیا ہے اور اب اخبار کے ساتھ باقاعدہ شائع ہوتا رہے گا۔اِنْشَائَ اللّٰہُ تَعَالٰی۔(اڈیٹر)