ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 283 of 569

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 283

خواجہ صاحب کے نام خط بسم اللّٰہ الرّحمٰن الرّحیم نحمدہٗ و نصلّی علٰی رسولہ الکریم مخدومی مکرمی حضرت خوا جہ صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ حضرت خلیفۃ المسیح فرماتے ہیں میں آپ کو ایک خوشخبری دیتا ہوں اور ایک ایسی مبارکباد جو کسی نے نہ کی ہو یا کم از کم میرا یہ خیال ہے اور وہ یہ ہے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوئے تو سب سے پہلے جس نے آپ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا وہ ایک عورت تھی اور آپ کے ہاتھ پر بھی سب سے پہلے لنڈن میں ایک عورت مسلمان ہوئی ہے۔یہ بڑا مژدہ ہے آپ بھی اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ کریں میں بھی سجدہ کرتا ہوں۔دوسری خوشخبری اور مبارکباد میں آپ کو یہ دیتا ہوں کہ اہل انگلستان ایک عورت کے بیٹے کے پرستار ہیں اور ایک عورت ہی وہاں سب سے پہلے آپ نے مسلمان کی ہے۔والسلام۔خادم اہل بیت رسولؐ اگلے دن کا ذکر ہے حضرت خلیفۃ المسیح نے فرمایا تھا کہ حضرت عباسؓ بھی اہل بیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم میں داخل ہیں۔(البدر جلد۱۳ نمبر۲ مورخہ ۱۳؍ مارچ ۱۹۱۳ء صفحہ۲) بیاہ شادی پر روٹیاں ایک شخص کا خط پیش ہوا کہ شادی کے موقع پر جو برادری کو کھانا دیا جاتا ہے اورلڑکی والے بھی کھانا دیتے ہیں اس کے متعلق کیا حکم ہے؟ حضرت خلیفۃ المسیح نے فرمایا۔انہیں بیجا خرچوں نے مسلمانوں کو تباہ کیا ہے۔مسنون طریق یہ ہے اور قادیان میں ایسا ہی ہوتا ہے کہ دولہا دولہن کے اکٹھا ہونے کے بعد لڑکے والے اپنے چند دوستوں کو اپنی مقدرت کے مطابق کھانا کھلادیں۔