ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 437 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 437

حساب و کتاب نہ رکھنا اکثر پایا جاتا ہے۔تم سب لوگ ایسی بد اخلاقیوں سے بچو۔جن کے گھروں میں ایسی عظیم الشان کتاب موجود ہے۔ان کے اعمال ایسے خراب ہوں تو افسوس کی بات ہے۔استغفار، لاحول بہت پڑھو اور دعاؤں میں لگے رہو کہ ان فتن سے اس طرح بچ سکو گے۔۲۱؍جولائی۱۹۱۱ ء مسلمانوں میں مذہب سے نا واقفیت اور اس کا اثر عصر کے بعد ایک دوست کو مخاطب کر کے فرمایا۔اس وقت مسلمانوں میں مذہب سے ناواقفیت بہت ہے اور اس کا بڑا اثر یہ ہے کہ ہندو جن کا کوئی مذہب نہیں وہ بھی ان پر اعتراض کرتے ہیں۔میں ایک دفعہ ایک رئیس کا علاج کر رہا تھا۔دربار میں بیٹھے تھے اس نے دوائی پینی تھی۔میں تاڑ گیا کہ اور تو سب یہیں بیٹھے رہیں گے مگر مجھے اٹھنا پڑے گا اس میں ایک مسلمان کی ہتک ہے۔اس لئے میں نے سوال کیا کہ ہندو کسے کہتے ہیں؟ کہا جو گائے کا گوشت نہ کھا ئے۔میں نے کہا کہ اتفاق ہی ایسا ہوا ہے کہ میں گائے کا گوشت نہیں کھاتا تو کیا میں آپ کے خیال میں ہندو ہوں؟ سوچ کر کہنے لگا جو بودی رکھے۔میں نے ایک سنیاسی کو پیش کر دیا۔نادم ہو کر کہا۔جو جنیو پہنتے ہیں۔ایک سکھ بیٹھا تھا اس سے میں نے پوچھا کیوں صاحب آپ جنیو پہنتے ہیں۔اس نے کہا نہیں۔تب وہ رئیس بو لا جو وید مانے۔ایک جینی بیٹھا تھا میں نے پوچھا یہ ہندو ہے یا نہیں اور یہ دوائی پینے کے وقت بیٹھا رہے گا یا نہیں۔پھر تناسخ کا فرق بتلایا۔تو میں نے ایک برہمو کو پیش کر دیا اس پر وہ رئیس کہنے لگامیں خود ہی اٹھ کر دوسری جگہ دوائی پی لوں گا۔آپ تکلیف نہ کریں۔اب غور کرنے کی بات ہے کہ جن لوگوں کا اپنا مذہب ہی کوئی نہیں وہ اسلام پر اعتراض کریں۔یہ مسلمانوں کے لئے بڑی ہوشیاری کا وقت ہے چاہیئے کہ اپنے دین کو مضبوط پکڑیں اور اس سے آگاہی حاصل کریں۔