ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 42
ایک عزیز کے نام خط عزیز من ! دعوات۔دنیا میں مصائب کا سلسلہ بڑھا ہوا ہے۔لوگ سخت غافل ہو گئے ہیں۔گویا عملی طور پر دنیا خدا سے بے خبر ہے۔حید رآباد کا حال آپ نے سنا ہو گا۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس آتش خیز پہاڑ اور اس سمندر سے نجات دے۔آپ ضرور کامیاب ہوں گے۔آپ شرک کو چھوڑ کر خدا سے جو وحدہٗ لا شریک ہے دعائیں کریں اور مخلوق سے کسی قسم کی بدی کا ارتکاب نہ کریں اور مجھے گاہے گاہے خط لکھیں۔نور الدین ۴؍نومبر ۱۹۰۸ء ( البدر جلد ۸ نمبر۴ مورخہ ۳؍دسمبر ۱۹۰۸ء صفحہ۳) طریق طلاق ایک صاحب کے سوال کے جواب میں امیر المومنین نے تحریر فرمایا۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ زمانہ نبوی میں لوگ تین طلاق یک دم نہیں دیا کرتے تھے کیونکہ قرآن کریم میں یک دم طلاق دینا ثابت نہیں اور اگر کوئی تین طلاق یک دم دے دیتا تو ایک طلاق سمجھی جاتی تھی۔پس اگر وہ آدمی آبادی چاہتا ہے تو یہ اس کی ایک طلاق سمجھی جاتی ہے کوئی کفارہ نہیں۔اکیلا آدمی جمعہ عید کس طرح پڑھے ایک شخص نے عرض کی۔میں اکیلا ہوں باقی سب مخالف۔نماز جمعہ اور عیدمیں کیا کروں ؟ مومن کو ضرور ہے کہ اپنے ساتھ کسی کو ملا لے تنہا رہنا اچھا نہیں اور نماز ظہر بدلہ جمعہ کے پڑھ لیں۔عید اکیلے پڑھ لیں۔جو ہمیشہ سفر میں ہے وہ مقیم ہے۔مردہ کو ثواب مردہ کو ثواب دعا اورنقد و کپڑے کا پہنچتا ہے۔تاریخ کا مقرر کرنا ضروری نہیں ہے۔ہندو کے گھر کا کھانا ہندوئوں کے گھر کی مٹھائی ، دودھ کھانا جائز ہے۔نماز کے بعد دعا نماز کے بعد ہاتھ اٹھا کر دعا کرنا جائز ہے۔