ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 236
جواب از خلیفۃ المسیح اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰـہَ اِلَّااللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَـہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً ا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُـہٗ۔میں اللہ تعالیٰ کی قسم کر کے یہ چند حروف لکھتا ہوں کہ میرزا غلام احمد پسر مرزا غلام مرتضیٰ ساکن قادیان ضلع گورداسپور اپنے دعویٰ مسیح و مہدی و مجددیت میں میرے نزدیک سچا تھا اس کے دعاوی کی تکذیب میں کوئی آیت قرآنیہ اور کوئی صحیح حدیث کسی کتاب میں میں نے نہیں دیکھی۔( نقل دستخط ) نور الدین ۲۱؍اپریل ۱۹۱۰ء۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔تصویر بدعت ہے ایک شخص نے حضرت خلیفۃ المسیح کو لکھا کہ حضرت مرزا صاحب کی تصویر کہیں سے قیمتاً لے کر مجھے ارسال کر دو۔حضرت نے جواب میں لکھا۔السلام علیکم۔یہاں تو کوئی نہیں چھپی۔سنا ہے لاہور میں طبع ہوئی ہے۔وَاللّٰہُ اَعْلَمُ۔خاکسار ناپسند کرتا ہے اور میں نے مرزا جی سے سنا ہے فرمایا کرتے تھے یہ بدعت ہے۔نور الدین (البدر جلد ۹نمبر ۴۴ مورخہ ۲۵؍اگست ۱۹۱۰ء صفحہ ۳) مردہ بچہ کا جنازہ ایک شخص کے خط کے جواب میں حضرت خلیفۃ المہدی نے فرمایا کہ جو بچہ مردہ پیدا ہو اس کے واسطے نماز جنازہ نہیں ہوتی۔زانی کا نکاح ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا ایک زانی اپنی زانیہ کی نواسی سے نکاح کر سکتا ہے؟ حضرت نے فرمایا کہ قرآن شریف کے حکم کے مطابق زانی مرد کسی پاک دامن لڑکی سے نکاح نہیں کرسکتا۔ہرن کی قربانی ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا عید اضحی پر ہرن کی قربانی دی جاسکتی ہے؟ فرمایا کہ نہیں۔