ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 70 of 430

ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 70

اسلام کی ایک خصوصیت اسلام میں یہ ایک خصوصیت ہے کہ انسان کو غمگین ہونے نہیں دیتا۔مسلمان مسلمان اگر بنیں تو انہیں کیا غم مگر وہ بنیں بھی۔انبیاء کی تعلیم کی امتیازی شان انبیاء علیہم السلام کی تعلیم ایسی صاف اور سادی ہوتی ہے جو ہر طبقہ کے لوگ ادنیٰ، اوسط، اعلیٰ سب سمجھ سکتے ہیں۔عیسائیوں کی طرح راز کی باتیں اور گورکھ دھندے نہیں ہوتے جو کسی کی سمجھ میں ہی نہ آویں۔میں نے ایک عیسائی سے پوچھا کہ کیا ہر مذہب میں کوئی سِر بھی ہوتا ہے۔اس نے جواب دیا ہاں۔پھر میں نے کہا سب مذہب سچے ہیں تمہارے اعتراض فضول اور لغوہیں اس لئے کہ تم جو اعتراض کرتے ہو اس مذہب کا ماننے والا اسے سِر ہی مانتا ہے اس کا جواب کچھ نہ دیا۔مسلمان کے معنے مسلمان کے معنے ہیں مہذب، آراستہ و پیراستہ، نیک نمونہ ہر عیب سے بچا ہوا، ہر عیب سے دوسرے کو بچانے والا، صلح و آشتی سے زندگی بسر کرنے والا، آپ خوبصورت دوسرے کے لئے خوبصورتی کا موجب، جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ ہوں، خدا تعالیٰ کا فرمانبردار۔پاک تبدیلی پیدا کئے بغیر انسان دھوکہ کھا سکتا ہے انسان دھوکے کھا سکتا ہے جب تک اپنے اندر پاک تبدیلی نہیں کرتا اور ایک نئے دل اور نئی روح کو محسوس نہیں کرتا۔جب اس کے اندر نئی زندگی آجاتی ہے تو وہ شیطانی تسلط سے نکل جاتا ہے۔ایک صوفی کہتا ہے کہ شیطان کو دیکھا کہ بہت بڑی داڑھی تھی اس کو زور سے پکڑ کر کھینچا تو معلوم ہوا کہ اپنی ہی داڑھی تھی۔اس سے معلوم ہوا کہ جب تک انسان بری خواہشوں کا اسیر اور خدا تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اطاعت کے حلقہ سے باہر رہتا ہے شیطانیت اس میں اپنا گھر بناتی ہے لیکن جب وہ خدا کا تابع فرمان ہوجاتا ہے تو شیطان کی تحت حکومت سے نکل جاتا ہے۔