ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 67
اموال و اولاد کندن بنانے کا ذریعہ (الانفال : ۲۹) تمہارے اموال اور اولاد کندن بنانے کا ایک ذریعہ ہیں۔بہت تھوڑے لوگ ہیں جو مال اور اولاد سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور وہ اخلاق فاضلہ حاصل کرتے ہیں جو ان کے ذریعہ حاصل ہو سکتے ہیں۔خیالی ایمان صرف ایک خیالی پلاؤ ہے جب تک کہ وہ عمل کی کسوٹی پر پرکھا نہ جاوے۔مال اور اولاد اللہ تعالیٰ کے بے بہا فضل ہیں جو اور ہزاروں نیکیوں کا موجب ہوتے ہیں۔اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے سے اللہ تعالیٰ کی رضا مندی اور مخلوق کی بہتری کے علاوہ خود انسان میں سخاوت اور شجاعت اور پھر انشراح صدر کی قوت پیدا ہوتی ہے۔اولاد کی وجہ سے انسان میں چھوٹوں سے محبت وپیار، برداشت، استقلال، محنت ایک دوسرے کی مدد ہمدردی کا مادہ پیدا ہوتا ہے۔پس وہ لوگ جن کو خدا نے یہ نعمتیں دیں ہیں اور وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھاتے سخت بدقسمت اور محروم ہیں۔خدا تعالیٰ ان پر رحم کرے۔خوش قسمت ا نسان کیسا خوش قسمت وہ انسان ہے جس کو اللہ تعالیٰ کے انعام یاد ہیں اور وہ اس کے فضل کو یاد کرتا رہتا ہے کیونکہ اس سے خدا تعالیٰ کی محبت بڑھتی ہے۔بدیوں سے بچنے کے مجرب نسخے انسان اگر اپنے دل میں خیال رکھے کہ خدا میرے ساتھ ہے چلتے پھرتے پورا خیال رکھے کہ خدا مجھے دیکھتاہے۔تو چونکہ یہ امر انسان کی فطرت میں ہے کہ بڑے کے سامنے بدی نہیں کرتا۔پھر محسن مقتدر خدا کے سامنے کیونکر کر سکتا ہے؟ پس اللہ پر ایمان لانا بدی سے بچاتا ہے۔اللہ حاکم ہے مربی ہے نیکیوں اور نیکو ں کو پیار کرتا ہے بدی اور بدوں سے کچھ تعلق نہیں رکھتا یہ ساری باتیں ایمان میں داخل ہوں تو بدیوں سے بچ جاوے۔بدیوں کے بچنے کے واسطے ایمان بالآخرۃ بھی ایک مجرب نسخہ ہے اگر انسان یہ کہ میرے ہر فعل کا نتیجہ ضرور ہے نیکی کا بدلے نیک ملے گا اور بدی کا بدلا بد تو ضرور بدیوں سے بچتا رہے گا۔(الحکم جلد ۴ نمبر ۲۶ مورخہ ۱۶ ؍جولائی ۱۹۰۰ء صفحہ ۴،۵)