ارشادات نور (جلد اوّل۔ قبل از خلافت) — Page 320
ایک خط اور اس کا جواب مقاصد نکاح سوال۔جناب مولوی صاحب۔تسلیم! اسلام میں نکاح کے مقاصد کیا کیا ہیں۔غالباً صرف اولادپیدا کرنا تو نہیں۔انسان کی فطرت کا بھی لحاظ رکھا ہے۔یہی مجھ کو بمعہ حوالہ جات مطلوب ہے۔امید ہے آپ اس کا جواب بواپسی ڈاک برائے مہربانی عنایت کر کے مشکور کریں۔ٹھاکردت شرما وید لاہور جواب بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہ الکریم جناب من! قرآن کریم پارہ ۲۱ میں لکھا ہے(الروم: ۲۲) ایک اور پارہ میں فرمایا ہے کہ(النمل:۵۶) اور فرمایا ہے کہ(البقرۃ:۲۲۴) اور فرمایا ہے کہ(النساء:۳۵)۔پہلے نمبر سے معلوم ہوتا ہے کہ بی بی آرام اور سکون کے لئے بنائی ہیں۔غمگسار ہزاروں افکار میں آرام کا موجب ہے۔دوسرے نمبر سے ظاہر ہے کہ انسان میں طبعی طور پر دوستی اور محبت کرنا ایک فطرتی امر ہے اور دوستی اور محبت کے لئے یہ بی بی عجیب و غریب چیز ہے۔تیسرے نمبر میں بتایا گیا ہے کہ عورت نازک البدن اور ضعیف الخلقت ہے اور بچوں کوجننے اور گھر کے انتظام رکھنے میں ذمہ دار اور ایک عظیم الشان بازو ہے۔پس اس کے متعلق رحم سے کام لو۔خدا نے اس کو رحم کے لئے بنایا ہے۔اس کی غفلتوں اور فطرتی کمزوریوں پر چشم پوشی کرو۔اور آدمیوں میں قدرتی طور پر شہوت کا مادہ ہے اس کا قدرت میں محل بی بی اور عورت ہی کو بنایا ہے۔یہ چوتھی بات ہے۔بعد اس کے فرمایا کہ