ابنِ سلطانُ القلم — Page 202
ابن سلطان القلم ~ 202 ~ السنہ ابتدائی عموما ان نقائص سے مبرا ہیں، لیکن السنہ مابعدی میں یہ وصف نہیں ہے۔کیونکہ دراصل وہ السنہ ابتدائی ان کی ذریات ہیں اور یہ بات ظاہر ہے کہ ذریات کو اپنے اصل سے کوئی نہ کوئی نسبت ہوتی ہے اور نسبتا اس سے محدود بھی۔بہر صورت السنہ مابعدی کے واسطے اس قسم کی مشکلات لازمی ہیں اور تاوقتیکہ ان کے ہاتھ میں کافی سرمایہ نہ آجائے وہ کسی نہ کسی صورت میں دوسری زبانوں یا اجتہاد جدید کی محتاج رہیں گی۔بہت سے الفاظ اپنی جامعیت اور وسعت معانی کے اعتبار سے غیر زبانوں میں سے مل سکتے ہیں، جن کا اردو زبان میں استعمال کیا جانا درست ہے اور اس سے اردو زبان کے حسن طلاقت میں کوئی فرق نہیں آسکتا۔چاہے یہ کیسا ہی تکلیف دہ عمل ہو۔اردو زبان روز بروز ایسے الفاظ کا خیر مقدم کرے گی اور کر رہی ہے۔شاید کسی زمانے تک کتابوں اور رسالوں میں ان کا دخل نہ ہو سکے ، مگر بول چال اور زبانیں ان سے خالی نہیں رہ سکتیں۔اخبارات اور رسالوں میں تو ضرور کسی نہ کسی رنگ میں وقتاً فوقتاً ان کی کھپت ہوتی رہے گی اور ایک زمانہ میں علمی اردو بھی ان سے ویسے ہی خلط ملط ہو جائے گی جیسے اور پر انے الفاظ سے ہے۔***** سلطان احمد