ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 1 of 905

ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل — Page 1

ابراٹینم 1 1 ابراٹینم ABROTANUM ابراٹینم ایک ایسی دوا ہے جس کا نام سنتے ہی انتقال مرض کا مضمون ذہن میں ابھرتا ہے۔انتقال مرض کو انگریزی میں میٹاسٹیسز (Metastasis) کہتے ہیں۔جس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی مرض ایک عضو کو چھوڑ کر کسی دوسرے عضو کی طرف منتقل ہو جائے جیسا کہ عموماً کن پیٹڑوں کی بیماری میں یہ عادت پائی جاتی ہے کہ گلے پر اور کان کے پیچھے جو ابھار پیدا ہوتا ہے وہ وہاں سے دب جاتا ہے اور اعضائے تناسل کی طرف منتقل ہو جاتا ہے۔اس کے دینے کی وجوہات مختلف ہیں مثلاً جراثیم کش دواؤں کے استعمال سے یا مقامی طور پر لیپ وغیرہ کرنے کے نتیجہ میں بھی ایسا ہو سکتا ہے اور بعض اوقات بخار کی حالت میں سردی لگ جانا وجہ بن جاتا ہے۔وہ سب دوائیں جو انتقال مرض میں کام آتی ہیں اور اسے واپس اپنی پہلی جگہ کی طرف لوٹا دیتی ہیں ان میں ابراٹینم کو نمایاں مقام حاصل ہے۔بعض اوقات اسہال کے دب جانے کے نتیجہ میں اچانک جوڑوں کے درد شروع ہو جاتے ہیں اور کبھی دل پر شدید حملہ ہو جاتا ہے۔اسی طرح بعض دفعہ عورتوں کا ایامِ حیض کا خون اچانک بند ہو جانے پر ان کو ذہنی یا دوسرے عوارض لاحق ہو جاتے ہیں۔انتقال مرض کو ہم مختلف دواؤں کے تعلق میں بار بار بیان کریں گے تا کہ یہ اچھی طرح ذہن نشین ہو جائے اور معلوم ہو جائے کہ کون کون سی دوائیں کس کس انتقال مرض کو درست کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اگر کسی مریض کو جوڑوں میں درد کی بیماری ہو مثلا گاؤٹ (Gout) یا وجع المفاصل اور ساتھ ہی دل میں کچھ بے چینی کا احساس پایا جائے جیسے خون دل کو چھیلتا ہوا گزرتا ہو، نیز ایسے مریض کو اگر نکسیر اور پیشاب میں خون آنے کی تکلیف بھی ہو تو اس بات کا