ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل — Page 723
سباڈیلا 723 166 سباڈیلا SABADILLA (Cevadilla Seed) سباڈیلا مسلسل چھینکوں کے علاج میں بہت مشہور ہے۔اس میں نزلہ نہ بھی ہو پھر بھی بکثرت چھینکیں آتی ہیں۔بعض مریضوں کو گھاس سے الرجی ہوتی ہے اور چھینکوں کے سخت دورے شروع ہو جاتے ہیں۔جب دورہ ختم ہو جائے تو عموماً ناک سے پانی نہیں بہتا۔گویا یہ چھینکیں نزلہ کی وجہ سے نہیں بلکہ نتھنوں کے اندر سرسراہٹ کی وجہ سے آتی ہیں۔بعض ڈاکٹر سباڈیلا کو بہت چھوٹی طاقت میں تجویز کرتے ہیں لیکن میں نے اسے 30 طاقت میں زیادہ مفید پایا ہے۔سباڈیلا کا مریض بہت سردی محسوس کرتا ہے۔معمولی سی سردی میں بھی کانپنے لگتا ہے اور ہر ٹھنڈی چیز سے اس کی تکلیف میں اضافہ ہو جاتا ہے۔سباڈیلا میں بہت سی علامتیں لیکلیس سے ملتی ہیں۔تکلیف کی بائیں سے دائیں طرف حرکت اور مریض کا بہت ٹھنڈا ہونا ان دونوں کی مشترکہ علامتیں ہیں۔لیکیس خود بھی چھینکوں کی الرجی میں جسے Hay Fever کہتے ہیں، چوٹی کی دوا ہے۔اگر یہ الرجی موسم بہار میں ہو تو لیکیسس کو اولین حیثیت دینی چاہئے۔سباڈیلا بھی دراصل موسم بہار ہی کی دوا ہے جب پھول کھل رہے ہوں۔پھولوں کی خوشبو سے بعض لوگوں کو بہت چھینکیں آتی ہیں۔ایسی فوری تکلیفوں میں سباڈیلا اچھا کام کرتی ہے لیکن اگر خزاں کے موسم میں الرجی ہو اور بہت چھینکیں آئیں تو ایلیم سیپا (Allium Cepa) بہتر ہے۔سباڈیلا کی مزمن دوالیکیسس ہے اور ایلیم سیپا کی مزمن دوا ابلیو مینا ہے۔یہ بات یاد رکھیں کہ جب بیماری کا فوری حملہ ہو تو عموماً اس دوا سے علاج کیا جاتا ہے جو فوری اثر والی دوا ہو۔جب بیماری میں افاقہ ہو جائے تو پھر مستقل اثر والا دیر پا علاج ہونا چاہیئے۔