حیاتِ خالد

by Other Authors

Page 246 of 923

حیاتِ خالد — Page 246

حیات خالد 252 مناظرات کے میدان میں مہمانوں کو لے کر کالج ہال میں پہنچے جہاں تمام سٹاف موجود تھا۔تعارف کروایا گیا۔جب عربی کے پروفیسر صاحب سے تعارف ہوا تو حضرت مولانا نے عربی میں گفتگو شروع کر دی جو پروفیسر صاحب زیادہ دیر نہ چلا سکے۔حضرت مولانا فرمانے لگے میں تو اینگلو عربیک کالج کا نام سن کر عربی میں تقریر کے خیال سے آیا تھا۔لیکن یہاں تو دوسرا ہی ماحول ہے اس لئے اُردو سے کام چلے گا۔حضرت مولانا صاحب نے پون گھنٹہ خطاب فرمایا۔تمام ہال پر سناٹا چھایا ہوا تھا۔عربی کے حوالے حضرت مولانا اس روانی سے اور اعلیٰ عربی لہجے میں پڑھ رہے تھے کہ سب دنگ تھے۔تقریر کے بعد ایک استاد نے جو لکھنؤ کے رہنے والے تھے حضرت مولانا سے ان کا وطن پوچھا۔آپ نے جب جالندھر پنجاب بتایا تو کہنے لگے۔آپ تو اہل زبان کی طرح اُردو بولتے ہیں۔میں نے کسی پنجابی کو ایسی شیریں اُردو میں تقریر کرتے پہلے نہ سنا تھا۔پرنسپل صاحب نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ تقریر کے بعد سوال و جواب ہو۔لیکن ہم سب تقریر سن کر ایسے مبہوت ہو گئے کہ سوال و جواب کا ہوش ہی نہ رہا۔