حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم) — Page 564
حیات احمد ۵۶۴ وفات بشیر اوّل اور سلسلہ عالیہ احمدیہ کی بنیاد جلد دوم حصہ سوم دوسرا عظیم الشان واقعہ جو اس سال پیش آیا وہ بشیر اول کی وفات کا واقعہ ہے جس کی وجہ سے ایک شور پیدا ہوا جیسا کہ بشیر اول کی پیدائش اور وفات کا ذکر پہلے کر آیا ہوں اس حادثہ پر مخالفین کے اعتراضات کا جواب دینے کے لئے حضرت نے ایک اشتہار شائع کیا جو حقانی تقریر بروفات بشیر کے عنوان سے شائع ہوا۔اس کے ساتھ ہی سلسلہ کا اعلان ہوا۔وہ تقریر اور اعلان حسب ذیل ہے۔بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ اَلْحَمْدُ لِلَّهِ وَالسَّلَامُ عَلَى عِبَادِهِ الَّذِيْنَ اصْطَفَى حقانی تقریر بر واقعہ وفات بشیر واضح ہو۔کہ اس عاجز کے لڑکے بشیر احمد کی وفات سے جو ۷/ اگست ۱۸۸۷ء روز یکشنبه میں پیدا ہوا تھا اور ۴ / نومبر ۱۸۸۸ء کو اسی روز یکشنبہ میں ہی اپنی عمر کے سولہویں مہینے میں بوقت نماز صبح اپنے معبود حقیقی کی طرف واپس بلایا گیا عجیب طور کا شور و غوغا خام خیال لوگوں میں اٹھا اور رنگارنگ کی باتیں خویشوں وغیرہ نے کیں اور طرح طرح کی نافہمی اور کنج دلی کی رائیں ظاہر کی گئیں۔مخالفین مذہب جن کا شیوہ بات بات میں خیانت و افترا ہے انہوں نے اس بچے کی وفات پر انواع و اقسام کی افتراء گھڑنی شروع کی۔سو ہر چند ابتدا میں ہمارا ارادہ نہ تھا کہ اس پسر معصوم کی وفات پر کوئی اشتہار یا تقریر شائع کریں اور نہ شائع کرنے کی ضرورت تھی کیونکہ کوئی ایسا امر درمیان نہ تھا کہ کسی فہیم آدمی کی ٹھو کر کھانے کا موجب ہو سکے لیکن جب یہ شور و غوغا انتہا کو پہنچ گیا اور کچے اور ابلہ مزاج مسلمانوں کے دلوں پر بھی اس کا مضر اثر پڑتا ہوا نظر آیا تو ہم نے محض للہ یہ تقریر شائع کرنا مناسب سمجھا۔نوٹ۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی یہ تقریر سلسلہ میں سبز اشتہار کے نام سے مشہور ہے اور اسی نام سے روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۴۴۷ تا ۴۷۰ پر شائع شدہ ہے۔( ناشر )