حقائق بائیبل اور مسیحیت — Page 3
ابتدائیہ مذاہب عالم کی الہامی کتاب کا مطالعہ کرنے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ تمام مذاہب کی کتب میں توحید کی بنیادی تعلیم موجود ہے۔یہ الگ بات ہے کہ اُن مذاہب پر چلنے والے توحید کے اصل مضمون کو سمجھتے ہیں یا نہیں یا پھر ایسے بھی ہیں کہ مذاہب کے پیروکاروں نے اس کی اصل کو تبدیل کر کے دنیا والوں کے سامنے ایک نئے رنگ کا نظریہ پیش کر دیا خواہ اس کی بنیاد بھی ان کی مذہبی کتب میں موجود نہ ہو۔اس لحاظ سے تمام مذاہب کے ماننے والے اس بات پر تو یقین رکھتے ہیں کہ خدا ایک ہے اور اس کے سوا اور کوئی نہیں۔لیکن عملی طور پر وہ اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔کوئی پتھر میں خدا کا متلاشی دکھائی دیتا ہے اور کوئی مورتی میں۔کوئی سورج کو خدا کا عکس بیان کرتا ہے تو کوئی چاند کو۔کوئی خدا کی مخلوق میں سے اُس کے وجود کو ڈھونڈھنے کی بے سود کوشش کرتا ہے۔اور کوئی فانی اور وفات یافتہ کو خدا کے بالمقابل اپنا معین و مددگار سمجھتا ہے۔مذاہب عالم پر غور کرنے سے ہمارے سامنے چار ایسے مذہب آتے ہیں جو کل عالم میں شہرت رکھتے ہیں۔خواہ ایک نام رکھتے ہوئے آپسی اختلاف کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے فرقوں میں بٹ کر کئی نظر آتے ہوں یہ مذاہب اس طرح سے شمار کئے جاتے ہیں۔(۱) یہودیت (۲) عیسائیت (۳) اسلام (۴) ہندوازم