ہماری تعلیم

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page iv of 41

ہماری تعلیم — Page iv

دوستو ! اک نظر خدا کے لئے اس زمانہ میں جب کہ ہمارے مادی ماحول نے اکثر لوگوں کے دلوں پر کئی قسم کے تاریکی کے پر دے ڈال رکھے ہیں اور وہ ایمان کا دعویٰ رکھتے ہوئے بھی سچی ایمانی کیفیت سے محروم اور توحید کے حقیقی تصور سے نا آشنا ہیں میرے دل میں یہ تحریک ہوئی ہے کہ میں ایسے لوگوں کے لئے جو سچائی کے طالب ہیں مقدس بانی سلسلہ احمدیہ کی اس تعلیم کا خلاصہ پیش کروں جو حضور نے اپنی مشہور تصنیف کشتی نوح میں اس زمانہ کے خطرناک طوفان ضلالت سے محفوظ رہنے کے لئے تحریر فرمائی ہے۔اس کتاب میں اصل خطاب تو جماعت احمدیہ سے ہے مگر ضمنا کئی حصوں میں دوسرے مسلمانوں کو بھی مخاطب کیا گیا ہے اور بہر حال یہ وہ شمع ہدایت ہے جس سے ہر مسلمان بلکہ ہر انسان جو سچائی اور روحانیت کی تڑپ رکھتا ہے اپنے دل کا بجھا ہو اچراغ روشن کر سکتا ہے۔یہ خلاصہ خود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اپنے الفاظ میں ہے اس لئے وہ ان تمام برکات اور فیوض سے معمور ہے جو ایک پاک اور خدارسیدہ انسان کے دل پر آسمان سے نازل ہوتے ہیں۔دوستو پڑھو اور فائدہ اٹھاؤ اور پھر پڑھو اور فائدہ اٹھاؤ۔خاکسار مرزا بشیر احمد آف قادیان۔حال ربوہ