مرزا غلام قادر احمد

by Other Authors

Page 279 of 503

مرزا غلام قادر احمد — Page 279

279 پیاری بچھو السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کئی آنے والے آئے اور گئے بھی لیکن جتنی اُداسی تم پیچھے چھوڑ کر گئی ہو کسی اور نے اتنی نہیں چھوڑی تھی۔تم سے جو بے تکلفانہ دل لگتا ہے اس کی ایک الگ بات ہے جس طرح لوگ زائد سامان پیچھے چھوڑ جاتے ہیں اسی طرح تم نے اپنا زائد بوجھ ہمارے سپرد کر دیا اور تعجب ہے کہ پھر بھی تمہارا بوجھ ہلکا نہیں ہوا۔شکریہ ادا کرنے پر تمہارا تبصرہ ہنسانے والا تھا۔درد ناک خط میں یہ شگوفہ کانٹوں میں گھرا ہوا پھول لگ رہا تھا۔تم اپنی بیٹیوں کا شکریہ بے شک ادا نہ کرنا میں تو اپنی بیٹیوں کا ضرور شکریہ ادا کرتا ہوں بلکہ شائد کچھ زیادہ ہی کرتا ہوں اس لئے شکریہ کا عذر رکھ کر بیٹیوں کی فہرست میں سے نکلنے کی تمہاری کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی۔اللہ تمہیں دونوں جہان کی حسنات سے نوازے اور تمہاری طرف سے مجھے ہمیشہ قرة عين نصیب رہے۔سب تمہیں بہت یاد کرتے ہیں تم ہو ہی یاد رکھنے کے لائق۔خدا حافظ ! والسلام خاکسار مرزا طاہر احمد