غیبت ۔ ایک بدترین گناہ

by Other Authors

Page 11 of 82

غیبت ۔ ایک بدترین گناہ — Page 11

11 پھر وہی مہربان خاتون اپنی تمام تر محبتوں کے ساتھ ساس کو بہو کے عیوب گنواتی ہے اُس خاتون کے اس فعل سے ایسی آگ لگتی ہے کہ جو کئی گھروں کو جلا کر بھسم کر دیتی ہے اور تا دیر کئی نسلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔باقی جھگڑوں کے پیچھے بھی بالعموم ایسی غیبت کرنے والی زبانیں ہوتی ہیں۔اس طرح بھی ہوتا ہے کہ ایک شخص کسی محفل میں کسی غیر موجود شخص کی برائی کرتا ہے گویا اُسے ایک تیر مارتا ہے یہ تیر اس غیر موجود شخص سے کچھ دور جا کر گر جاتا ہے بات ختم ہو جاتی ہے۔مگر محفل میں موجود کوئی نا مہربان اس تیر کو اٹھاتا ہے اور جا کر اُس غیر موجود شخص کے دل میں مارتا ہے یعنی جا کر اسے بتاتا ہے کہ فلاں شخص تمہاری برائی کر رہا تھا۔اس طرح فتنہ وفساد جنم لیتے ہیں۔اس کتاب میں غیبت جیسے مکروہ فعل کو ہر طرح بے نقاب کرنے کی کوشش کی گئی ہے تا کہ وہ کسی شکل اور بہروپ میں بھی رخنہ انداز نہ ہو اللہ تعالیٰ ہمیں اس بدترین گناہ سے ہمیشہ اپنے فضل واحسان سے بچائے رکھے۔آمین