فیشن پرستی — Page 1
بسم الله الرحمن الرحيم شیطان نے قیامت تک لوگوں کو گمراہ کرنے اور خدا سے دور لے جانے کی خدا سے اجازت لی ہے اور کہا کہ میں راہ راست سے ہٹانے کے لئے تیری مخلوق کو بہکانے کے لئے تمام حربے استعمال کروں گا۔ان کے دائیں سے بھی اور بائیں سے بھی آؤں گا۔ان کے آگے سے بھی اور پیچھے سے بھی ان پر حملہ آور ہوں گا۔اس پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو میرے بندے ہوں گے ان پر تیرا تسلط اور غلبہ نہیں ہو سکے گا۔یعنی وہ تیرے قابو میں یا تیرے بہکاوے میں ہرگز نہیں آئیں گے خواہ تو کتنا زور لگائے اور ہر قسم کے حربے استعمال کرے۔اس لئے ازل سے لے کر ابد تک انسان اور شیطان کی یہ جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی اور شیطان مختلف کرداروں سے خدا کی مخلوق کو آزما تا اور بہکا تا رہے گا۔ہر زمانے میں اس کے نئے نئے ہتھیار اور ہتھکنڈے ہوتے ہیں۔کبھی وہ ناچ گانے کے روپ میں بہ کا تا ہے تو کبھی بد رسوم و رواج کے ذریعہ آزماتا ہے۔کبھی فلموں اور تھیٹروں کے ذریعہ تو کبھی ٹی وی، کیبل کے ذریعہ اور کبھی انٹر نیٹ اور نئے نئے فیشنوں کے ذریعہ خدا کی مخلوق کو سبز باغ دکھا کر گمراہ کرتا اور خدا اور رسول کی پسندیدہ راہوں سے دور لے جاتا ہے۔اس وقت جس امر کی طرف توجہ دلا نا مقصود ہے وہ ہے فیشن پرستی۔کیونکہ دین بگڑتا ہی فیشن پرستی اور بد رسوم سے ہے۔اس لئے اللہ تعالیٰ اپنے مومن بندوں کو یہ نصیحت فرماتا ہے۔اے مومنو! فرمانبرداری کے دائرہ میں سب کے سب داخل ہو جاؤ اور شیطان کے قدم به قدم نہ چلو ( کہ یقینا وہ تمہارا کھلا کھلا دشمن ہے۔(البقرة:209)