دعائیہ سیٹ

by Other Authors

Page 84 of 312

دعائیہ سیٹ — Page 84

اس نماز کی چار رکعتیں ہیں۔ہر ایک رکعت میں سورۃ فاتحہ اور دوسری سورۃ پڑھنے کے بعد پندرہ دفعہ سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَكْبَرُ پڑھے۔پھر رکوع میں تسبیح مقررہ کے بعد دس دفعہ یہی تسبیح پڑھے۔پھر سیدھے ہو کر دس بار یہی تسبیح پڑھے اور ہر دو سجدوں میں مقررہ تسبیح کے پڑھنے کے بعد اور بین السجدتین میں بھی یہی تسبیح دس دس بار پڑھے۔ہر دوسجدوں سے فارغ ہو کر بیٹھ کر بھی یہی تسبیح پڑھ کر دوسری رکعت کے لئے کھڑا ہو جائے۔اور اسی طرح چاروں رکعت پڑھے۔ہر رکعت میں پچھتر دفعہ اور چاروں رکعت میں تین سو بار تسبیح پڑھی جاوے گی۔(ترمذی۔کتاب الصلوة - باب صلوة التسبيح) سجدہ تلاوت قرآن کریم کی اُن چودہ آیات کی تلاوت کرتے وقت جن میں اللہ تعالیٰ کے آگے جھکنے اور سجدہ کرنے کی بات ہوئی ہے، سجدہ کرنا چاہئے۔انسان خواہ کھڑا ہو یا بیٹھا ہو اسے سجدہ میں گر جانا چاہئے۔اس طرح سجدہ کرنے کو سجدہ تلاوت کہتے ہیں۔اس سجدہ میں تسبیحات کے علاوہ یہ دعا پڑھنی چاہئے: سَجَدَ وَجْهِيَ لِلَّذِي خَلَقَهُ وَشَقِّ سَمْعَهُ وَبَصَرَهُ بِحَوْلِهِ وَقُوَّتِهِ میرا چہرہ سجدہ ریز ہے اُس ذات کے سامنے جس نے اسے پیدا کیا اور اپنی خاص قدرت و طاقت سے اسے سُننے اور دیکھنے کی قوت عطا کی۔(ترمذی باب ما یقول في سجود القرآن) 84