دینی نصاب

by Other Authors

Page 134 of 377

دینی نصاب — Page 134

کہ مسلمانوں نے پہل نہیں کی بلکہ جب کفار نے ان کے خلاف تلوار اُٹھائی اور ان پر طرح طرح کے ظلم کئے اور انہیں ان کے گھروں سے نکال دیا تب دفع شر کیلئے اللہ تعالیٰ نے انہیں اجازت فرمائی کہ تم بھی ان ظالم کفار کے خلاف تلوار اُٹھاؤ۔تیرہ سال تک مسلمانوں نے صبر سے کام لیا اور نہایت استقلال کے ساتھ ہر قسم کی تکالیف کو برداشت کیا۔آخر کار مکہ چھوڑ کر مدینہ کی طرف ہجرت کی تاکسی طرح کفار مکہ کی شرارتوں سے امن میں آجائیں مگر یہ لوگ پھر بھی مسلمان کو تکلیف دینے سے باز نہ آئے بلکہ مدینہ پر جا چڑھائی کی تب ہر طرح مجبور ہوکر مسلمانوں کو بھی تلوار اٹھانی پڑی۔پس یہ ایک سیاہ جھوٹ ہے کہ مسلمانوں نے لوگوں کو جبراً مسلمان بنانے کیلئے تلوار اُٹھائی بلکہ حق یہ ہے کہ انہوں نے تو مصائب کے برداشت کرنے کا وہ نمونہ دکھایا کہ تاریخ اس کی نظیر پیش کرنے سے عاجز ہے۔پس اس سے بڑھ کر کیا ظلم ہوگا کہ اسلام کی طرف جبر اور تشد و منسوب کیا جائے۔مسلمانوں نے تو شروع اسلام میں جو کچھ کیا دفع شر کیلئے کیا اور اس بات کیلئے کہ مذہبی آزادی قائم ہو جائے اور لوگ جس مذہب کو دل سے درست سمجھیں اُسے کھلم کھلا قبول کریں۔ہاں بیشک بعد میں جب ابتدائی لڑائیوں کے نتیجہ میں ایک اسلامی سلطنت قائم ہوگئی تو بعض اوقات مسلمانوں کو سیاسی اغراض کے ماتحت بھی جنگ کرنی پڑی یا بعض وقت ان کو اس لئے تلوار اٹھانی پڑی تا وہ ایسے ممالک میں تبلیغ اسلام کا راستہ کھولیں جن میں مذہبی آزادی کے نہ ہونے کی وجہ سے اسلام کی تبلیغ کا دروازہ بند تھا اور لوگوں کو اسلام قبول کرنے سے جبراً روکا جاتا تھا لیکن صحابہ نے کبھی بھی کوئی شخص جبراً مسلمان نہیں کیا۔پس کیا یہ تعجب کی بات نہیں کہ مہدی کی بعثت کی علت غائی ہی یہ سمجھی جاتی ہے کہ وہ تمام دنیا کو جبراً مسلمان کرتا پھرے گا۔کیا ایسے مہدی کا آنا اسلام کیلئے باعث فخر ہو سکتا ہے؟ نہیں اور ہر گز نہیں بلکہ جائے فخر تو یہ ہے کہ اسلام کو دلائل کی قوت اور روحانی جذب کے ذریعہ تمام مذاہب پر غالب ثابت کیا جاوے۔اسلام کی خوبیاں 134