دیباچہ تفسیر القرآن — Page 118
میں نہا کے تمکنت سے بیٹھتی ہیں۔اُس کے رخسارے پھولوں کے چمن اور بلسان کی اُبھری ہوئی کیاری کی مانند ہیں۔اُس کے لب سوسن ہیں جن سے بہتا ہوا مُرٹپکتا ہے۔اُس کے ہاتھ ایسے ہیں جیسے سونے کی کڑیاں جن میںترسیس کے جواہر جڑے گئے۔اُس کا پیٹ ہاتھی دانت کا سا کام ہے جس پر نیلم سے گل بنے ہوں۔اُس کے پیر ایسے جیسے سنگِ مر مر کے ستون جو سونے کے پایوں پر کھڑے کئے جاویں۔اُس کی قامت لبنان کی سی۔وہ خوبی میں رشک سرو ہے۔اُس کا منہ شیرینی ہے ہاں وہ سراپا عشق انگیز ہے۔اے یروشلم کی بیٹیو! یہ میرا پیارا ہے یہ میرا جانی ہے‘‘۔۱۲۹؎ اِس پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ ایک نبی پیدا ہونے والا ہے جو دوسرے نبیوں سے افضل ہوگا۔کیونکہ لکھا ہے: ’’ تیرے محبوب کو دوسرے محبوب کی نسبت سے کیا فضیلت ہے‘‘۔۱۳۰؎ پھر اس میں یہ خبر دی گئی ہے کہ وہ محبوب دس ہزار آدمیوں کے درمیان جھنڈے کی مانند کھڑا ہو گا۔چونکہ جھنڈا فوج کی علامت ہے اِس لئے اِس کے معنی یہ ہیں کہ ایک عظیم الشان موقع پر وہ دس ہزار سپاہیوں کی افسری کرے گا۔پھر لکھا ہے۔’’ اُس کے لب سوسن ہیں جن سے بہتا ہوا مُر ٹپکتا ہے‘‘۔مُر ایک گوند ہے جس کا مزہ تلخ لیکن تأثیر نہایت اعلیٰ اور خوشبو نہایت عمدہ ہوتی ہے۔کیڑوں کے مارنے کے لئے نہایت اعلیٰ سمجھی جاتی ہے اور زخموں کے اند مال میں نہایت ہی مفید ہے۔کرم کش اَدْوِیہ میں پڑتی ہے اور زخموں کی مرہموں میں ڈالی جاتی ہے۔اسی طرح خوشبوئوں کے مصالحوں میں بھی اُس کو استعمال کیا جاتا ہے اور عطروں کے بنانے میں بھی کام میں لائی جاتی ہے۔پھر لکھا ہے:۔’’ وہ محمدیم ہے‘‘۔اِس کا ترجمہ انگریزی بائبل میں ALL TOGATHER LOVELY کیا گیا ہے اور اُردو بائبل میں سراپا عشق انگیز کیاگیا ہے۔یعنی اُسے دیکھ کر انسان اُس سے محبت کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔یہ پیشگوئی واضح طور پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر چسپاں ہوتی ہے۔