مسیحیت ۔ایک سفر حقائق سے فسانہ تک — Page 138
مسیحیت۔ایک سفر حقائق سے فسانہ تک 138 کہ ان سر زمینوں اور علاقوں کے لوگوں کے لئے اس پیغام کی حامل تھی کہ مسیحیت ان کی روایتی داستانوں اور دیو مالائی قصوں سے چنداں مختلف نہیں ہے۔پولوس کو دوسرا طریق کار زیادہ مفید اور آسان نظر آیا چنانچہ اس نے عیسائیت کو ایسے روپ میں ڈھالنے میں کوئی مضائقہ نہ سمجھا جوان آرزوؤں، تمناؤں اور فلسفیانہ خیالات سے پوری مناسبت رکھتا ہو جو اس زمانہ کی غیر یہودی دنیا میں عام پھیلے ہوئے تھے اور لوگوں پر اثر انداز ہو رہے تھے۔پولوس کی یہ حکمت عملی“ اس لحاظ سے بہت کامیاب رہی کہ اس کے نتیجہ میں اس نئے مذہب میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شامل ہو نا شروع کر دیا۔بصورت دیگر ان کے لئے اس نئے مذہب کو قبول کرنا اتنا آسان نہ ہو تا۔اپنی اس پالیسی سے پولوس نے لوگوں کے لئے اس نئے مذہب میں دھڑا دھڑ داخل ہونے کی راہ ہموار کر دکھائی۔مگر راہ ہموار کر دکھائی کسی قیمت پر ؟ بد قسمتی یہ ہے کہ اس طرز عمل کے نتیجہ میں مقابلہ آپڑا ایک طرف پاکیزگی کی آئینہ دار مسیحی اقدار اور دوسری طرف ملحدانہ قصوں اور زمین و آسمان کے قلابے ملانے والی داستانوں کے مابین۔تبدیلی پولوس نے صرف یہ کی کہ ملحدوں کے خداؤں کو مسیح ”باپ خدا اور روح القدس کے نام دے ڈالے۔اس نے ان پر انے خداؤں کی بجائے ان نئے ناموں والے خداؤں کو لوگوں سے متعارف کرا دیا۔فی الحقیقت یہ پولوس نہیں تھا جس نے تثلیث کی دیو مالائی کہانی خود اپنے دماغ سے اختراع کی اور اسے ملحدوں کی دنیا میں عیسائیت کے نام سے رواج دیا۔بر خلاف اس کے اس نے یہ کیا کہ تثلیث کی دیو ملائی کہانی ملحدوں کے علم الاصنام سے مستعار لے کر اور اسے مسیحیت پر چسپاں کر کے اس کا حلیہ بدل ڈالا۔اس کے بعد جو کچھ ہوا اور ہو تا چلا گیا وہ یہ تھا کہ الحاد تو علی حالم قائم رہا البتہ وہ نئے ناموں اور نئے چہروں کے ساتھ پنپتا رہا اور پھر پنپتا ہی چلا گیا۔اس لحاظ سے سے اگر دیکھا جائے تو پولوسی مسیحیت دنیائے الحاد کے ملحدانہ عقائد اور دیو ملائی داستانوں کو بدلنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔اس ناکامی سے دوچار ہونے پر اس نے الٹا یہ کیا کہ انجام کار خود مسیحیت کو ان کے مطابق بدل کر رکھ دیا۔اگر آواز دینے پر پہاڑ حرکت میں آکر اس کے پاس نہ آیا تو اس نے فیصلہ کیا کہ وہ خود چل کر پہاڑ تک جاپہنچے۔مراد یہ ہے کہ جب مسیحیت کے مطابق دوسروں کو بدلنے میں کامیاب نہ ہو سکا تو خود کو بدل ڈالا اور اپنے ساتھ میسحیت کو بھی بدل کر رکھ دیا۔